پرویز اشرف اور یوسف گیلانی توقیر صادق کی تعیناتی کے ذمہ دار ہیں: تفتیشی ٹیم نیب
اسلام آباد (آئی این پی + آن لائن) اربوں کی کرپشن میں ملوث سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی کرپشن کیخلاف تحقیقات کرنے والی نیب کی تفتیشی ٹیم نے راجہ پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی کو توقیر صادق کی تعیناتی کا ذمہ دار قرار دےدیا ۔ سابق چیئرمین نے تحقیقاتی ٹیم کے روبرو انکشاف کیا ہے کہ اوگرا چیئرمین تعیناتی کیلئے 86 لوگوں میں سے چار کو انٹرویو کیلئے بلایا گیا‘ راجہ پرویز اشرف پر مشتمل کمیٹی نے مجھ سے دوران انٹرویو قابلیت کے حوالے سے کچھ نہیں پوچھا‘ صرف یہ پوچھا آپ ہمارے لئے کیا کر سکتے ہیں‘ میں نے ان سے کہا کہ جو حکم دیں گے وہی کروں گا‘ نیب نے تحقیقاتی ابتدائی رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھجوا دی۔ نیب توقیر صادق کو آج منگل کو احتساب عدالت میں پیش کر کے ان کا مزید 14 دن کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی کوشش کریگا۔