• news

نیب ”جہانگیر بدر‘ علی بدر کا نام لینے پر مجبور کررہا ہے“: توقیر صادق ۔۔۔ ریمانڈ میں مزید 10 روز توسیع

اسلام آباد (نامہ نگار+نوائے وقت نیوز+ایجنسیاں) احتساب عدالت نے اوگرا کرپشن کیس کے مرکزی ملزم توقیر صادق کے ریمانڈ میں 10دن کی توسیع کر دی، عدالت نے ملزم کا طبی معائنہ کروانے اور دو اگست کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، گزشتہ روز توقیر صادق کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا، سماعت شروع ہوئی تو توقیر صادق نے موقف اختیار کیا کہ نیب کے تفتیشی افسران انہیں تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں، پولیس اہلکاروں کے سامنے میرے مکمل کپڑے اتروائے گئے مجھے فرش پر لٹایا جاتا ہے سونے نہیں دیتے اور ٹھڈے مارے جاتے ہیں، مجھے جسمانی اور ذہنی طور پر مفلوج کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ایسا تشدد کیا جاتا ہے جو میڈیکل چیک اپ میں بھی نہیں آتا، میرے رشتہ دار وں کو کیس میں ملوث کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جہانگیر بدر اور علی بدر کا نام لینے کیلئے مجبور کیا گیا، میرے ایک انکل کینیڈا میں رہائش پذیر ہیں انکے بارے میں پوچھا جا رہا ہے، یہ کیس پیپلزپارٹی کیخلاف بنایا جا رہا ہے، نیب کے پراسیکیوٹر سعید الرحمن نے کہا کہ ملزم کیخلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، دوران تفتیش ملزم نے اہم انکشافات کئے ہیں اور کچھ لوگوں کے نام بھی لئے ہیں انہوں نے عدالت سے ملزم کے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی، ملزم کے وکیل سردار عصمت اللہ نے عدالت میں موقف اپنایا کہ انکے موکل سے غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے اور تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، انکے موکل کا طبی معائنہ کروانے کا حکم دیا جائے، تفتیشی افسر وقاص خان نے کہا کہ ملزم پر تشدید نہیں کیا جا رہا جس کے اکاﺅنٹ میں رقم ٹرانسفر ہوئی اس بارے میں ملزم سے دریافت کیا جا رہا رہے، ملزم کا طبی معائنہ سرکاری ہسپتال کے ڈاکٹر سے کرایا گیا ہے۔ بحث سننے کے بعد فاضل عدالت نے ملزم کا دس روزہ ریمانڈ دیتے ہوئے دو اگست کو پیش کرنے اور ملزم کا طبی معائنہ کرانے کا حکم دیا۔

ای پیپر-دی نیشن