• news

معین خان کو چیف سلیکٹر نہ رکھیں تو کیا کریں: نجم سیٹھی

اسلام آباد (محمد فہیم انور) پاکستان کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ معین خان کو چیف سلیکٹر نہ رکھیں تو کیا کریں، اگر چیف سلیکٹر نہیں ہو گا تو ٹیموں کا انتخاب کون کرے گا۔ اسلام آباد میں افطار ڈنر میں میڈیا سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ عدالت کے حکم پر عمل کیا جائے تو اس کا مطلب آئندہ تین ماہ تک پاکستان کرکٹ ٹیم بین الاقوامی کرکٹ ہی نہ کھیلے۔ ابھی قومی انڈر۔23 ٹیم نے باہر جانا ہے، اس کی سلیکشن کون کرے، چیف سلیکٹر کے بغیر ٹیم کا انتخاب ممکن ہی نہیں۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے کے مطابق قائم مقام چیئرمین کرکٹ بورڈ کے انتخابات تک بورڈ میں کوئی تقرری نہیں کر سکتے۔ اس سوال پر کہ وہ پی سی بی چیئرمین کے انتخابات میں حصہ لیں گے یا نہیں۔ نجم سیٹھی نے صحافیوں کو چپ رہنے کا اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات ابھی قبل از وقت ہے۔ عدالت کے احکامات کے مطابق پی سی بی کے انتخابات مقررہ وقت پر بورڈ کے آئین کے مطابق کرائے جائیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن