• news

بک شیلف........معاملات رسولﷺ

مکرمی! قیوم نظامی پاکستان کے معروف مصنف اور تجزیہ نگار ہیں۔ رمضان المبارک کے مہینے میں انکی نئی کتاب”معاملات رسول“ منظر عام پر آئی ہے جو حضور اکرم کی عملی زندگی پر مشتمل سیرت طیبہ کی منفرد اور مکمل کتاب ہے۔ مستند حوالوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ مصنف نے بڑی محنت اور عقیدت کیساتھ سیرت رسول کو ایک نئے اسلوب کیساتھ قلمبند کیا ہے۔ مسلمان رفتہ رفتہ حضور اکرم کے معاملات اور اخلاقیات کو بھولتے جا رہے ہیں ان کا خیال ہے کہ محض عبادات میں انکی بخشش کےلئے کافی ہیں۔ مصنف نے یاد دلایا ہے معاملات (حقوق العباد) پرتوجہ دیئے بغیر ایک صالح معاشرہ وجود میں نہیں آ سکتا جو قرآن اور سنت کی منشاءہے اگر مسلمان اپنے نبی رحمة للعالمین کی عملی زندگی سے آگاہی حاصل کر لیں تو انکا دین اور دنیا دونوں سنور سکتے ہیں۔ مصنف نے آسان اور عام فہم انداز میں محسن انسانیت کے اسوہ حسنہ عظیم شخصیت اور مثالی کردار کو کتاب میں بیان کر دیا ہے ۔ یہ کتاب فرقہ واریت سے اوپر اٹھ کر تحریر کی گئی ہے۔ آج جبکہ پاکستانی سماج اخلاقی حوالے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اس موقع پر ”معاملات رسول“ کا شائع ہونا نئی نسل کےلئے نیک فال ثابت ہو سکتا ہے۔ سیرت پر معیاری، منفرد اور مستند کتاب تحریر کرنے پر مصنف خراج تحسین کا مستحق ہے۔ جہانگیر بکس لاہورفون: 042-35754518 نے دیدہ زیب ٹائیٹل اور کوالٹی پیپر کیساتھ کتاب کو شائع کیا ہے۔ ( تبصرہ: غلام نبی بھٹ)

ای پیپر-دی نیشن