ڈی ایچ اے‘ نادرا سمیت 19 اداروں نے آڈٹ کرانے سے انکار کر دیا: حکام کی سپریم کورٹ کو رپورٹ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ ایجنسیاں) سپریم کورٹ نے 19نان آڈٹ ایبل اداروں کی جانب سے اپنے اخراجات کوآڈٹ سے مستثنیٰ قرار دینے کے حوالے سے مقدمے کی سماعت میں رپورٹس جمع نہ کرانے والے اداروں پر اظہار برہمی کیا ہے اور متعلقہ اداروں کو عدالت نے ہدایت کی ہے وہ 5 اگست تک آڈیٹرجنرل کو اپنے اخراجات کا آڈٹ نہ کرانے کی وجوہات سے تحریری طور پر آگاہ کریں ۔ چیف جسٹس افتخارمحمد چودھر ی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر متعلقہ اداروں نے اپنے اخراجات کا آڈٹ نہ کرانے کے حوالے سے جوابات عدالت میں جمع کرائے۔ سماعت کے دوران آڈیٹرجنرل آفس کی جانب سے ڈی جی آڈٹ منظر حفیظ نے عدالت کو بتایا 19 اداروں نے اپنے اخراجات کاآڈٹ کرانے سے انکارکردیا ہے اور اس کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی جس پرعدالت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی وہ آڈیٹرجنرل کو اپنے جوابات فراہم کریں بعدازاں مزیدسماعت ملتوی کردی گئی۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق اے جی پی آر حکام نے عدالت میں بیان دیا ڈی ایچ اے، نادرا، پولیس فاﺅنڈیشن، پاک چائنہ کارپوریشن سمیت 19ادارے آڈٹ نہیں کراتے۔ آئی این پی کے مطابق عدالت نے آڈٹ نہ کرانے والے اداروں کو دوبارہ نوٹس بھیجنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ کیس کی مزید سماعت 5اگست تک ملتوی کر دی گئی۔