حضرت زینبؓ کے مزار پر حملے کیخلاف احتجاج جاری، ننکانہ، فیصل آباد میں ریلیاں
لاہور+ ننکانہ (نامہ نگاران) نواسی رسول حضرت بی بی زینبؓ کے مزار پر حملے کیخلاف گذشتہ روز بھی کئی شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا اور ننکانہ صاحب فیصل آباد اور شکرگڑھ میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مقدس مزارات پر حملے کرنے والے مسلمان کہلانے کے حق دار نہیں۔ فیصل آباد میں تحریک منہاج القران کے زیراہتمام سینکڑوں افراد پر مشتمل احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شامل لوگوں نے ہاتھوں میں احتجاجی کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی مردہ باد‘ امریکہ مردہ باد کے نعرے درج تھے۔ علاوہ ازیں ام المدارس گلبرگ میں مختلف مسالک کے علماءکرام و مشائخ نے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شکرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق امام بارگاہ حسینیہ شکرگڑھ اور جامعہ مسجد نور شکرگڑھ سے عظیم الشان ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکا نے ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مقررین نے کہا کہ واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ننکانہ صاحب میں امام بارگاہ قصر فاطمہ سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو گول چکر ننکانہ صاحب سے ہوتی ہوئی پریس کلب ننکانہ صاحب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ احتجاجی ریلی میں فقہ جعفریہ کے علاوہ دیگر فرقوں کے لوگوں نے بھی شرکت کی۔ شرکاءریلی نے ہاتھوں میں مختلف بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اس واقعہ کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاءریلی نے بطور احتجاج بازﺅں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف سخت نعرہ بازی کی۔