مستحق افراد کے علاج معالجے کیلئے ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کی تعمیر تیزی سے جاری
لاہور (نیوز رپورٹر) محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی کوششوں سے مستحق افراد کی طبی امداد اور علاج معالجے کے لئے لاہور میں 200 بیڈز پر مشتمل ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ 200 بیڈز پر مشتمل جدید ترین سہولتوں سے مزین ہسپتال 3 سال کے اندر علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنا شروع کر دے گا۔ اس حوالے سے اے کیو خان ہسپتال کے پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد شوکت ورک نے نوائے وقت کو بتایا کہ لاہور میں یہ ہسپتال 78۔ اے مولانا احمد علی روڈ پر واقع ہو گا۔ سات منزلہ اس ہسپتال کا رقبہ 16 کنال پر مشتمل ہو گا جہاں پر علاج معالجے کی جدید ترین سہولیات دستیاب ہونگی۔ ہسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسز کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ یوکے، امریکہ اور کینیڈا میں متعدد ڈاکٹرز نے چیئرمین اے کیو خان ہسپتال ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے رابطہ کر کے اپنی خدمات دینے کا وعدہ کیا ہے۔ بعض ڈاکٹرز نے یہاں تک بھی کہہ دیا ہے کہ وہ باہر کے ملک میں اپنی پریکٹس چھوڑ دینگے۔ زیادہ تر غریبوں کا علاج مفت کیا جائے گا۔ جدید ترین آپریشن تھیٹرز، وینٹی لیٹرز، ایکسرے، او پی ڈی اور ایمرجنسی کی سہولیات مریضوں کو بروقت دستیاب ہونگی۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں جگر، کینسر اور ٹرانسپلانٹ کی سہولتیں بھی میسر ہونگی۔ ہسپتال کو بروقت مکمل کر کے جلد آپریشنل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں اے کیو خان کے زیرانتظام 5 بیڈ کا ڈائیلسز سنٹر 134۔ جی ڈی ماڈل ٹاﺅن میں چل رہا ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر ڈائیلسز کئے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ جہلم میں بھی ایک ڈائیلسز سنٹر کامیابی سے چل رہا ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس ہسپتال کی تعمیر میں اپنا حصہ زیادہ سے زیادہ ڈالیں تاکہ اس ہسپتال کی تعمیر جلد ممکن ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ مخیر حضرات اپنی زکوٰة اور عطیات بنام ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کے اکاﺅنٹ نمبر 12497900374503 میں حبیب بنک کی کسی بھی برانچ میں جمع کروا سکتے ہیں۔