حکومت سازشوں اور گٹھ جوڑ کیخلاف ہے، بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہیں: پرویز رشید
اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویزرشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت سازشوں اورگٹھ جوڑ کےخلاف ہے اور ملک میں مضبوط جمہوری نظام پریقین رکھتی ہے، مسلم لیگ ن صوبوں میں دوسری پارٹیوں کے مینڈیٹ کااحترام کرتی ہے،ملک میں مضبوط جمہوری نظام پریقین رکھتے ہیں، اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن صوبوں میں دوسری پارٹیوں کے مینڈیٹ کااحترام کرتی ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ ہماری پارٹی خیبر پی کے اور بلوچستان میں اپنی حکومت بنا سکتی تھی لیکن ہم نے دوسری پارٹیوں کوحکومت بنانے کا موقع دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت انٹیلی جنس اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کویقینی بنا رہی ہے تاکہ کراچی میں دہشتگرد سرگرمیوں پرقابو پایا جاسکے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ان انتخابات کو جماعتی یاغیر جماعتی بنیاد پرکرانے کا فیصلہ صوبے کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بری فوج کے نئے سربراہ کا تقررمیرٹ پراور آئین کے مطابق کیاجائے گا۔