مقامات مقدسہ کی سکیورٹی کیلئے مسلم ممالک مشترکہ فورس قائم کریں: سنی اتحاد کونسل
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا اور دوسرے راہنماﺅں حاجی حنیف طیب، پیر فضیل عیاض قاسمی، علامہ محمد شریف رضوی، طارق محبوب، پیر محمد اطہر القادری، محمد نواز کھرل، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد حسیب قادری، بیرسٹر وسیم الحسن نقوی، شیخ محمد ذوالفقار رضوی اور مولانا محمد اکبر نقشبندی نے شام میں حضرت خالد بن ولید رضی اللہ تعالیٰ عنہ¾ کے مزار کی بے حرمتی کے واقعہ پر سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام کی خانہ جنگی میں صحابہؓ اور اہل بیت کے مزارات کی بے حرمتی افسوسناک اور شرمناک ہے۔ مزار کی بے حرمتی کے خلاف پرسوں ملک بھر میں یومِ احتجاج منائیں گے۔ راہنماﺅں نے تجویز دی کہ مسلمانوں کے مقاماتِ مقدسہ کی سکیورٹی کے لیے تمام مسلم ممالک کی مشترکہ خصوصی فورس قائم کی جائے۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکمران بھارت پر فدا ہونے سے باز رہیں۔ اپنی شہ رگ بھارت کو دے کر اس سے تجارت کرنا غداری ہے۔ مصر میں فوجی بغاوت کی سازش وائٹ ہاﺅس میں تیار کی گئی۔ لاہور میں بھتہ لینے کے واقعات الارمنگ ہیں۔ رانا بھگوان داس کو نیب کا چیئرمین بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی فنانس سیکرٹری پیر محمد اطہر القادری کی رہائش گاہ پر دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔