• news

حضرت خالد بن ولیدؓ کے مزار کی شہادت بڑا المیہ ہے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سرپرست ڈاکٹر طاہر القادری نے دمشق(شام) میں حضرت خالد بن ولید ؓ کے مزار کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو بڑا المیہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلیل القدر صحابی رسولﷺ کے مزار پر حملہ دراصل مسلمانوں کی اجتماعیت پر حملہ ہے۔ یہ واقعہ مسلم امہ کےلئے لمحہ فکریہ ہے کہ ان کی باہمی لڑائی میں صحابہ کرامؓ کے مزارات بھی محفوظ نہیں رہے۔ مسلمانوں کی آپس کی لڑائیاں بطور امت مسلمانوں کو کمزور کر رہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ فرقوں میں بٹنے کی بجائے مشترکات پر اکٹھی ہو کر سیاسی اور معاشی قوت بنے ۔صحابہ کرام کی زندگی محبت و الفت، اتحاد و یگانگت اور یکجہتی کے عظیم موتیوں سے مزین تھی۔ اسلامی فتوحات میں کلیدی کردار ادا کرنے والے جری صحابی رسولﷺ حضرت خالد بن ولید ؓکے مزار کی شہادت جیسے واقعات سے بطور امت مسلمانوں کا تشخص نہ صرف بری طرح مجروح ہو رہا ہے بلکہ مسلمانوں کی اجتماعیت پر بھی کاری ضرب لگ رہی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن