• news

صدارتی انتخاب: ممنون حسین‘ رضا ربانی ‘ وجیہہ الدین سمیت 24 امیدواروں نے کاغذات جمع کرا دئیے

اسلام آباد+ لاہور (وقائع نگار+ وقائع نگار خصوصی+ خبرنگار+ ایجنسیاں) نئے صدر کے انتخاب کیلئے مسلم لیگ ن کے ممنون حسین، پی پی کے رضا ربانی اور تحریک انصاف کے وجیہہ الدین سمیت 24 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ممنون حسین کے تین‘ پیپلزپارٹی کے امیدوار میاں رضا ربانی کے سات جبکہ اقبال ظفر جھگڑا اور تحریک انصاف کے جسٹس ریٹائرڈ وجہیہ الدین احمد کے دو دو کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ہیں۔ ایک امیدوار شکیل احمد خان کی جانب سے تجویز کنندہ کے طورپر وزیراعظم نوازشریف اور تائید کنندہ کے طورپر صدر آصف علی زرداری کے نام لکھے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی فہرست کے مطابق کل24 امیدواروں کے 34 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں سید محمد اقتدار حیدر‘ امام علی بروہی‘ اعجازاحمد دکھی‘ ظہور مہدی‘ وحید احمد کمال اور غلام عباس نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن کا کوئی تجویز یا تائید کنندہ نہیں ہے۔ یہاں ممنون حسین‘ اقبال ظفرجھگڑا اور میاں رضا ربانی کے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرائے گئے۔ پشاور میں منیر احمد شیرازی‘ سندھ میں محمد شاہد رافات اعوان‘ شمیم احمد‘ قدیر اے خان‘ محمد شاکر نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تاہم ان کا کوئی تجویز یا تائید کنندہ نہیں۔ تحریک انصاف کے امیدار وجیہہ الدین احمد ‘ شکیل احمدخان‘ حاجی خان‘ ایم ایس مشوری‘ لاہور میں عمران احمد‘ محمد حنیف ‘ محمد شہباز‘ نواب امبرشہزادہ‘ محمد عمران‘ جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد اور ذوالفقار علی کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گے۔ کوئٹہ میں کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ممنون حسین کے کاغذات نامزدگی میں تجویز کنندہ مشاہد اﷲ خان‘ ملک ابرار احمد‘ طاہرہ اورنگزیب جبکہ تائید کنندہ میں حاجی محمد اکرم ‘ سید ظفرعلی شاہ اور زیب جعفر شامل ہیں۔ میاں رضا ربانی کے تجویز کنندہ میں اعتزاز احسین‘ امین فہیم‘ فرحت اﷲ بابر‘ روبینہ خالد‘ محمدایاز سومرو‘ حاجی محمد عدیل‘ بازمحمد خان جبکہ تائیدکنندگان میں سید خورشید احمد شاہ ‘ مہرین رزاق بھٹو‘ ثریا امیرالدین‘ سعیدہ اقبال ‘ خواجہ غلام رسول ‘ کلثوم پروین اور زاہدہ خان شامل ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال(کل) جمعہ کو ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر امیدواروں یا ان کے نمائندوں کی موجودگی میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے۔ 24 میں سے 19 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی تجویز یا تائیدکنندہ نہ ہونے یا غلط نام دینے کی وجہ سے مسترد ہو جائینگے جس کے بعد 5 امیدوار میدان میں رہ جائیںگے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اقبال ظفر جھگڑا نے ممنون حسین کے کورنگ امیدوار کے طو پر اپنے کاغذات جمع کرا دیئے ہیں۔ پی پی کے امیدوار میاں رضا ربانی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے ہائیکورٹ پہنچے تو پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا استقبال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن