• news

بھارتی بحریہ کا پاکستانی ماہی گیروں پر حملہ‘ ایک گرفتار، 3 لانچیں پکڑ لیں

ٹھٹھہ (آئی این پی+ اے این این) ٹھٹھہ کے قریب بحیرہ عرب میں سرکریک کی حدود کے اندر بھارتی بحریہ کا پاکستانی ماہی گیروں پر حملہ‘ ایک پاکستانی ماہی گیر اور 3 لانچیں پکڑی ہوئی مچھلیوں سمیت ساتھ لے گئے۔ 8 ماہی گیر سمندر میں کود کر جانیں بچانے میں کامیاب ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستانی ماہی گیر سرکریک کی حدود میں مچھلیاں پکڑ رہے تھے کہ اچانک بھارتی نیوی نے حملہ کردیا اور ایک ماہی گیر گل بہار ملاح کو گرفتار کرلیا جس کا تعلق بدین زیرو پوائنٹ سے بتایا جاتا ہے جبکہ 8 ماہی گیروں نے سمندر میں کود کر اپنی جانیں بچائیں۔ بھارتی نیوی اہلکار ایک پاکستانی ماہی گیر سمیت تین لانچیں اور لاکھوں روپے مالیت کی پکڑی ہوئی مچھلیاں بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔ فشرفوک فورم کے ترجمان نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی نیوی کی طرف سے پاکستانی حدود کے اندر آکر پاکستانی ماہی گیروں پر حملے پر بھارت سے سخت احتجاج کرے اور مطالبہ کیا جائے کہ بھارتی حکام فوری طور پر گرفتار ماہی گیر کو رہا کرے اور پکڑی ہوئی لانچیں مچھلیوں سمیت واپس کی جائیں۔ بھارتی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق بی ایس ایف انسپکٹرجنرل (گجرات فرنٹیئر) اے کے سنہا نے بتایاکہ کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی باشندے کوگزشتہ روز ہارمی نالہ کے قریب سے سکیورٹی اہلکاروں نے پٹرولنگ کے دوران گرفتارکیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی ماہی گیروں کی متعدد کشتیاں بھارتی حدودمیں تھیں تاہم دوران آپریشن دیگر ماہی گیربچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن