جان کیری کے دورہ پاکستان میں مذاکرات کیلئے دفتر خارجہ کی تیاریاں شروع
اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ پاکستان کے موقع پر مذاکرات کیلئے دفتر خارجہ کی اپنی اور بین الوزارتی تیاریاں شروع ہوگئیں۔ مجوزہ دورے کی تفصیلات سے باخبر ایک ذریعہ کے مطابق کیری کے دورہ کے موقع پر دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں کا احاطہ کیا جائیگا لیکن مذاکرات کے بیشتر موضوعات، خزانہ و مالیات، باہمی تعلقات، سلامتی و دفاع ، تجارت اور توانائی کے محکموں کے بارے میں ہوں گی۔ علاقائی سلامتی کے تحت افغانستان بات چیت کا خصوصی موضوع ہوگا۔ اس ضمن میں پاکستان بھارت تعلقات بھی زیر غور آئیں گے۔ اس ذریعہ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ زیادہ تر سلامتی کی صورتحال کے حوالہ سے بات کرنے کی کوشش کریں گے جبکہ پاکستان کیلئے دوطرفہ تعلقات کے ضمن میں سٹرٹیجک ڈائیلاگ کی بحالی، کولیشن سپورٹ فنڈ کی باقیماندہ ادائیگیاں، کیری لوگر بل کے مختص رقوم کی فراہمی میں تاخیر، دوطرفہ سرمایہ کاری کے حوالے سے قانونی رکاوٹیں اور پاکستانی مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک رسائی مرکزی موضوعات ہوں گے۔ سلامتی کے بعض معاملات پاکستان کیلئے بھی نہائت اہمیت کے حامل ہیں جن میں ڈرون حملے اور افغانستان سے امریکی انخلاءشامل ہیں۔ ایک ذریعہ کے مطابق ڈرون حملوں پر مسلم لیگی حکومت کے سخت مﺅقف پر سٹ پٹائے امریکی، پاکستان کو نرم رویہ اختیار کرنے پر قائل کریں گے۔ افغانستان میں سلامتی کی موجودہ صورتحال، امریکی افواج کا انخلاءاس موضوع پر پاکستان اور امریکہ کے درمیان مسلسل روابط کی ضرورت اور امریکی انخلاءکے بعد کی صورتحال، دوطرفہ مذاکرات اور جان کیری کی وزیر اعظم نواز شریف و آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقاتوں کا اہم موضوع ہوگا۔