کراچی: جسٹس مقبول باقر حملہ کیس میں گرفتار ملزم ابوبکر نے اعتراف جرم کرلیا
کراچی(آئی این پی) کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی ممتاز سولنگی کی عدالت میں سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس مقبول باقر حملہ کیس میں گرفتار ملزم ابوبکر نے اعتراف جرم کرلیا۔ بدھ کو جسٹس مقبول باقر حملہ کیس میں گرفتار ملزمان معصوم بلا عرف ابوبکر اور معاویہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی ممتاز سولنگی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے ملزم ابوبکر کا اعترافی بیان عدالت میں جمع کروایا جس کے بعد ابوبکر نے عدالت کے سامنے اعتراف جرم کر لیا۔ ملزم کی عدالت میں شناختی پریڈ بھی کروائی گئی اور بیان قلمبند کرایا گیا۔ ملزم نے اعترافی بیان میں لکھا ہے کہ وہ جسٹس باقر پر حملے میں دیگر ساتھیوں کے ہمراہ منصوبہ بندی میں ملوث ہے۔