بھٹہ مزدور خاتون سے زیادتی کیس، ملزم گرفتار نہ ہونے پر سپریم کورٹ کی برہمی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں فیصل آباد کے علاقے ٹوبہ ٹیک سنگھ سے بھٹہ مزدور خاتون کو اغوا کرکے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے اور بھٹوں پر جبری مشقت سے متعلق ازخود نوٹس مقدمہ کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے بااثر ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا۔ ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کو متاثرہ افراد کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی اور متعلقہ ڈسٹرکٹ سیشن جج کو 7 دن میں ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رجسٹر آفس میں رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ بھٹہ مزدور کیس میں متعلقہ سیشن جج سے 15دن میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب حنیف کھٹانہ، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ شہزاد آصف اور بھٹہ سے بازیاب کروائے گئے افراد سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔