لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری، شہری پریشان، گرمی سے ایک شخص جاں بحق
لاہور(نامہ نگاران+آئی این پی) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار ایک سو میگاواٹ تک پہنچ گیا، بجلی کی پیداوار 13 ہزار 600میگاواٹ اور طلب 16ہزار 700 میگاواٹ ہے جبکہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس پر احتجاج بھی کیا گیا۔ کئی شہروں میں سحر و افطار پر بھی بجلی بند رہنے سے روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گرمی اور حبس سے ایک شخص دم توڑ گیا۔ بدھ کو ترجمان وزارت پانی و بجلی کے مطابق ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 3ہزار ایک سو میگاواٹ ہوگیا۔ ترجمان وزارت پانی و بجلی کے مطابق ملک میں 4ہائیڈرل ذرائع سے بجلی کی پیداوار 5 ہزار 250 میگاواٹ حاصل کی جا رہی ہے۔گجرات سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا ہے، گجرات اور گرد و نواح کے علاقوں میں شدید گرمی اور حبس زدہ موسم میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس سے روزہ دار شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی بھی معطل ہو چکے ہیں۔ ادھر ہریاوالا کا 70 سالہ محمد ریاض گرمی اور حبس کے باعث دم توڑ گیا۔ جہلم سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جبکہ بجلی بلوں میں ہزاروں روپے اضافہ نے شہریوں کے ہوش اڑا دیئے۔ ماہ جون کے بلوں میں سینکڑوں کے واجبات کو ہزاروں میں بدل کر عبد سے پہلے عیدی اکھٹے کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ماہ جون کے دوران طویل ترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بل کم ہونے کی بجائے ڈبل بھیج دیئے گئے ہیں۔ شہریوں نے واپڈا حکام کے اس رویے کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم سے نوٹس کا مطالبہ کیا ے۔ منڈی احمد آباد سے نامہ نگار کے مطابق سحری افطاری اور نماز تراویح کے وقت بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ دو روز سے ایک بار پھر بجلی کا شیڈول درہم برہم ہوگیا۔ نمازیوں اور روزہ داروں کو انتہائی مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے سحری اور افطاری کے وقت بجلی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے ٹھس ہو کر رہ گئے شہر کی سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوراً نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔صفدر آباد سے نامہ نگار کے مطابق سحر و افطار کے اوقات میں بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ متعدد روز سے بجلی کی سپلائی مسلسل بند ہونے سے کاروباری زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ سخت گرمی اور حبس کی وجہ سے روزہ داروں کو زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ پانی کی بھی قلت رہی۔