مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہو گا: برجیس طاہر
میرپور (ثناءنیوز) وزیر امور کشمیر و شمالی علاقہ جات چودھری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ کشمیری اور پاکستانی یک جان دوقالب ہیں پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں‘ مسئلہ کشمیر انشاءاللہ کشمیریوں کے مرضی اور خواہشات کے مطابق ہی حل ہو گا بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم بند کرے‘ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری ان مظالم کانوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ سے پاس کردہ قراردادوں پر عمل کرایا جائے مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کرے گی اور ریاستی عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے افطار ڈنر کے موقع پر پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سینئر رہنما ہمایوں زمان مرزا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ 2005ءکے قیامت خیز زلزلہ میں پاکستان کے عوام نے کشمیری بھائیوں کی ہر ممکن امداد کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت مسئلہ کشمیر پر کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں کرے گی۔ وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے واضح ہدایات کے مطابق مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر بھرپور اور موثر جاندار انداز میں عالمی برادری میں پیش کیا جائے گا اور اس کے حل پر زور دیا جائے گا تاکہ ڈیڑھ کروڑ سے زائد کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ ہو سکے۔ اس موقع پر ہمایوں زمان مرزا نے وزیر امور کشمیر وشمالی علاقہ جات چودھری محمد برجیس طاہر کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بھارت کس طرح نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے اور انہیں قتل کر رہا ہے۔ بھارت اس وقت کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی میں ملوث ہے اور بڑے پیمانے پر قتل و غارت کے ذریعے اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر رہا ہے۔