بھارت سے باہمی تجارت، پاکستان کو ایک ارب، 34کروڑ 90 لاکھ، 25 ہزار ڈالر کا نقصان
لاہور (احسن صدیق) پاکستان کو بھارت سے باہمی تجارت کے نتیجے میں گذشتہ مالی سال 2013-13ءمیں ایک ارب 34 کروڑ 90 لاکھ 25 ہزار ڈالر کا تجارتی خسارہ پہنچا ہے۔ وفاقی وزارت تجارت کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ مال سال پاکستان نے بھارت کو ایک ارب 67 کروڑ 72 لاکھ 32 ہزار کی مصنوعات امپورٹ کیں جبکہ اتنی مدت کے دوران بھارت کو 32 کروڑ 82 لاکھ 7 ہزار ڈالر کی مصنوعات ایکسپورٹ کیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مالی سال 2011-12ءمیں پاکستان کو بھارت سے تجارت کے باعث 91 کروڑ 99 لاکھ 48 ہزار ڈالر کا خسارہ ہوا تھا۔ ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین اظہر سعید بٹ، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر بلال اسلم صوفی آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی، ایگری فورم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر ابراہیم مغل نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور پانی کے تنازعات حل ہونے تک بھارت سے کبھی کھل کر تجارت نہیں ہوسکتی۔ بھارت نے پاکستان پر نان ٹیرف پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جس کے باعث بھارت سے پاکستان کی برآمدات بہت محدود ہیں۔ بھارت جب تک پاکستان پر عائد نان ٹیرف پابندیاں ختم نہیں کریگا تب تک پاکستان کی بھارت کو برآمدات میں اضافہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے موجودہ حکومت پر زور دیا کہ پاکستان بھی بھارت کی مصنوعات پر نان ٹیرف پابندیاں عائد کرے جب بھارتی برآمد کنندگان کے مفادات متاثر ہوں گے تو وہ اپنی حکومت پر مذاکرات کیلئے دباﺅ ڈالیں گے۔ جب تک حکومت پاکستان بھارت کو سہولتیں فراہم کرتی رہے گی پاکستان کو بھارت سے باہمی تجارت میں خسارہ ہی رہے گا۔