آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے سپیکر اسمبلی کو آج اجلاس بلانے اور ارکان کو ڈی سیٹ کرنے سے روکدیا
مظفرآباد/ اسلام آباد ( آئی این پی+ اے این این) ممبران اسمبلی کی رکنیت معطلی کیس ، عدالت کے فل بینچ نے سپیکر اسمبلی کو ممبران کو ڈی سیٹ کرنے اور آزاد کشمیر اسمبلی کا اجلاس (آج) جمعہ کو بلانے سے روک دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 22 جولائی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے بعد 3 ممبران اسمبلی کی رکنیت معطل کردی تھی جس کے خلاف ان 3 ممبران سمیت فاروڈ بلاک کے 11ممبران اسمبلی نے ہائیکورٹ میں رٹ دائر کررکھی تھی جس میں موقف اختیار کیاگیا تھا کہ جعلی اور فرضی استعفوں پر ان کی رکنیت معطل کردی گئی ہے اور مزید ممبران کی رکنیت معطل کی جارہی ہے ۔ جس پر ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس غلام مصطفی مغل کی سربراہی میں 6رکنی لارجر بینچ تشکیل دیاگیا جس نے فریقین کی سماعت کے بعد سپیکر اسمبلی کو آئندہ کسی بھی اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے سمیت (آج) جمعہ کو اسمبلی کا اجلاس بلانے سے روک دیا اور جواب دعویٰ، آج ہی بحث اور آج ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں آزاد جموں و کشمیر صدارتی سیکرٹریٹ کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دو ارکان کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلا ف تحریک عدم اعتماد جمع کرنے کے بعد اجلاس بلانے کا آئینی طور پر اختیار سپیکر قانون ساز اسمبلی کو حاصل ہے۔ سیکرٹری اسمبلی کی طرف سے تحریک عدم اعتماد کے سلسلے میں موصولہ نو ٹس اور قرار داد سے صدر کو آگاہ کیا گیا۔ جس پر قانونی و آئینی ماہرین سے طویل مشا ورت کی گئی اور بغور جائزہ لیا گیا۔ عدم اعتماد کی قرار داد پر صرف سپیکر قانون ساز اسمبلی ہی اجلاس طلب کریں گے۔ قبل ازیں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں عدم اعتماد کی جتنی بھی تحاریک پیش ہوئیں ان پر اجلاس سپیکر قانون ساز اسمبلی نے ہی طلب کئے ہیں۔