قومی اسمبلی ہاﺅسنگ سوسائٹی میں کرپشن کی تحقیقات مکمل، طارق خاکوانی سمیت 2 افسروں کی گرفتاری کا فیصلہ
اسلام آباد( آئی این پی ) ایف آئی اے نے قومی اسمبلی ایمپلائز ہاﺅسنگ سوسائٹی میں 34کروڑ کے مبینہ غبن اور کرپشن کی تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد اس میں ملوث سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے قریبی ساتھی اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی سیکرٹری طارق خاکوانی اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے ایک سینئر آفیسر کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ڈی جی ایف آئی اے سعود مرزا نے تحقیقاتی رپورٹ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھجوا دی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق سپیکر فہمیدہ مرزا نے طارق خاکوانی کو معطل کردیا تھا تاہم رحمن ملک کی ہدایت پر ایف آئی اے نے طارق خاکوانی کے خلاف معاملات کو سرد خانے میں ڈال دیا تھا، اب نئی حکومت کے قیام کے بعد تحقیقاتی رپورٹ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھجوا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے آئندہ چند روز میں طارق خاکوانی کو گرفتار کرے گی۔