توقیر صادق کے خفیہ اکاﺅنٹس رکھنے والے رشتہ داروں کو شامل تفتیش نہیں کیا گیا
اسلام آ باد(ثناءنیوز) سابق چیئرمین اوگراتوقیر صادق کے دورشتے داروں کے اکاﺅنٹس میں رقم کی ترسیل کے ثبوت ملنے کے باوجود ان کو شامل تفتیش نہیں کیا گیا۔ توقیر صادق کیخلاف 82 ارب روپے کے کرپشن سکینڈل میں ایف آئی اے کی تحقیقات کے دوران بیرون ملک خفیہ اکاﺅنٹس اورکروڑوں روپے کی ترسیل کے انکشافات کے باوجودنہ صرف اسے ریکارڈپرنہیں لایاگیاجبکہ بیرون ملک بینک میں موجودان کے خفیہ اکاﺅنٹ کومنجمدکرانے کی حکومت کوسفارش بھی نہیں کی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کاکہناہے کہ توقیر صادق نے ایک رشتے دارکے نام پر اپناخفیہ اکاﺅنٹ کھول رکھاہے جس میں ان کی جانب سے 11کروڑروپے جمع کرانے کے ثبوت نیب کومل گئے ہیں۔اکاﺅنٹ منجمدکرانے کی خاطر بین الاقوامی قوانین کے مطابق حکومت پاکستان نیب کی سفارش پریواے ای حکومت کوخط لکھے گی۔نیب کویواے ای کے متعلقہ بنک کو ٹھوس شواہد پیش کرناہونگے تاکہ یہ رقم پاکستان منتقل کی جاسکے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی تفتیش کاپول اس وقت کھلاجب چندروز قبل نیب نے توقیرصادق سے تفتیش شروع کی۔ذرائع نے بتایاکہ 27 کروڑروپے سے زائدرقم کی ترسیل کے ثبوت قبل ازیں ایف آئی اے کی تفتیش میں بھی سامنے آئے مگر اسے مبینہ طورپر نامعلوم وجوہات کی بناپر ریکارڈپرنہ لایا گیا۔ ذرائع کے مطابق توقیرصادق کے دورشتے داروں کواکاﺅنٹس میں مذکورہ رقم کی ترسیل کے ثبوت ملنے کے بعدبھی ان ملزمان کوایف آئی اے نے شامل تفتیش نہ کیا نہ ہی ان تک رسائی کی کوئی کوشش کی۔