بجلی مہنگی کرنیکا فیصلہ اچھا ہے‘ بھاشا ڈیم کیلئے تکنیکی معاونت پر تیار ہیں : ایشیائی بینک
بجلی مہنگی کرنیکا فیصلہ اچھا ہے‘ بھاشا ڈیم کیلئے تکنیکی معاونت پر تیار ہیں : ایشیائی بینک
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل کلازکر ہاکسر نے کہا ہے اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پاکستانی حکومت کے اقدامات قابل تعریف ہیں‘ گردشی قرضوں کی ادائیگی اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کا فیصلہ اچھا اور اہم اقدامات جبکہ ستمبر میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں قرضے کی منظوری سے فنانشل مارکیٹ میں مثبت پیغام جائے گا‘ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک تکنیکی معاونت کیلئے تیار ہے جبکہ حکومت پاکستان سے کنٹری پروگرام پر بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ وہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا بجٹ 2013-14ءمیں سخت فیصلے معیشت کی بہتری کیلئے کئے جبکہ حکومت جلد ہی توانائی پالیسی کا اعلان کرکے بجلی کے نرخوں میں توازن پیدا کرے گی اور سستی بجلی کی پیداوار پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل ایشیائی ترقیاتی برائے مغربی ایشیا نے اقتصادی بحران سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کے بجٹ اقدامات اور سخت معاشی فیصلوں کو سراہا اور انہیں موجودہ حالات میں حقیقت پسندانہ قرار دیا۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار نے حکومت کے مثالی اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا نئی حکومت نے معاشی استحکام کیلئے اداروں میں اصلاحات کا عمل شروع کردیا ہے تاکہ اقتصادی شرح نمو میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت کو انتہائی ناگفتہ بہ اقتصادی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ مسلم لیگ (ن) نے جب حکومت سنبھالی تو ملکی قرضوں کا حجم 14500 ارب روپے تک پہنچ چکا تھا جبکہ 1999ءمیں ملکی قرضوں کا حجم 3000 ارب روپے تھا۔ جی ڈی پی کے مقابلے میں قرضوں کا تناسب 63.5 فیصد جبکہ مالیاتی خسارہ 8.8 فیصد تھا اور جی ڈی پی میں اضافے کی شرح 3.6 فیصد تھی۔ اس صورتحال میں حکومت کیلئے معاشی بحالی کیلئے سخت فیصلے کرنا ناگزیر ہو چکا تھا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے غیر ترقیاتی اخراجات 30 فیصد کٹوتی کی ہے جبکہ وزیراعظم کا صوابدیدی فنڈ اور تمام خفیہ فنڈ ختم کردئیے ہیں جبکہ بیروزگاری اور مہنگائی سے نمٹنے کیلئے انکم سپورٹ فنڈ کی مد میں 75 ارب روپے رکھے اور ترقیاتی بجٹ میں 50 فیصد اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013-14ءکیلئے 2475 ارب روپے ٹیکس وصولیوں کا ہدف مقرر کیا جبکہ ہر سال جی ڈی پی میں 2 فیصد اضافے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
ایشیائی بنک