• news

مقامی حکومتوں کا بل 1960، 79 2001 کے نظام کی اچھی باتیں اپنانے کی کوشش کی گئی

لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت نے بلدیاتی ایکٹ 1979ءاور بلدیاتی ایکٹ 2001ءکی نسبت الگ مقامی حکومتوں کے قانون کا مسودہ پنجاب اسمبلی میں پیش کیا ہے جس میں 1960ء1979ءاور 2001ءکے نظام کی اچھی باتوں کو اپنانے کی کوشش کی گئی ہے تاہم پنجاب اسمبلی کی ”خصوصی کمیٹی“ اور ایوان کی آرا کی روشنی میں 2013ءکا نیا مقامی حکومتوں کا قانون 15اگست تک منظور کر لیا جائے گا۔ مقامی حکومتوں کے مسودہ قانون پنجاب 2013ءکے چیدہ چیدہ نکات کے مطابق نئے نظام میں لاہور کو میٹرپولیٹن کی حیثیت حاصل ہو گی۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن 200 ممبروں پر مشتمل ہو گی جنہیں بالغ رائے دہی کی بنیاد 200 وارڈ سے ممبر (کونسلر) منتخب کیا جائے گا جبکہ یہ 200 منتخب ممبر کثرت رائے کی بنیاد پر 25 خواتین، 10ورکر اور 10نان مسلم ممبرز کو چنیں گے۔ دیگر شہری علاقوں کے لئے کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیاں ہوں گی جبکہ دیہی علاقے کے لئے ضلعی کونسلیں قائم کی جائیں گی۔ شہری اور دیہی علاقوں میں صحت اور تعلیم کی ضلعی اتھارٹیاں قائم کی جائیں گی۔ ان اتھارٹیوں کا چیئرمین حکومت نامزد کرے گی۔ دیہی علاقوں میں نچلی سطح پر یونین کونسل قائم ہو گی۔ یونین کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین بالغ رائے دہی کی بنیاد پر مشترکہ طور پر منتخب کئے جائیں گے۔ یونین کونسل کے پانچ مزید ممبر بالغ رائے دہی کی بنیاد پر منتخب کئے جائیں گے۔ ساتوں منتخب افراد کثرت رائے سے 1 خاتون ممبر 1 کسان اور 1 غیرمسلم کو منتخب کریں گے۔ لاہور کے موجودہ دیگر اضلاع میں ضلع کونسلیں قائم ہوں گی۔ تمام یونین کونسوں کے چیئرمین ضلع کونسل ممبر ہوں گے۔ آبادی کی بنیاد پر ہر ضلع کونسل میں خواتین ارکان کی تعداد 15سے زائد نہیں ہو گی۔ کسان ممبران کی تعداد 5سے زیادہ نہیں ہو گی۔ غیرمسلم بھی 5سے زیادہ نہیں ہوں گے۔ ضلع کونسل کے حاضر ممبران کی اکثریت سے چیئرمین اور وائس چیئرمین مشترکو طور پر منتخب کئے جائیں گے۔ اگر کسی یونین کونسل کا چیئرمین ضلع کونسل کا چیئرمین منتخب ہو جائے گا تو اسے یونین کونسل کے چیئرمین کا عہدہ چھوڑنا پڑے گا۔ شہری علاقوں میں 50 ہزار سے 5لاکھ آبادی پر مشتمل میونسپل کمیٹی ہو گی جبکہ 5لاکھ سے زائد آبادی والے شہر میں میونسپل کارپوریشن ہو گی۔ میٹرپولیٹن کارپوریشن اور میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئرز کا انتخاب ان کے حاضر ممبران کثرت رائے سے کریں گے۔ مقامی حکومت کے انتخاب کے 30دن کے اندر انتخاب ہو گا۔ میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین، وائس چیئرمین کوئی دوسرا سیاسی عہدہ نہیں رکھ سکیں گے۔ مقامی حکومت کے عہدیداران کا چناﺅ 4سال کے لئے ہو گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن