• news

ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا مقابلہ آج‘ پاکستان کالی آندھی کو قابو کرنے کیلئے تیار

 لاہور+سینٹ لوشیا (سپورٹس رپورٹر+نیوز ایجنسیاں) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آج مدمقابل ہونگی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مختصر فارمیٹ کا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 11بجے شروع ہو گا۔ دونوں ٹیمیں اس سے پہلے21 اپریل2011 کو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کے واحد میچ میں مدمقابل ہوئی تھیں جس میں شاہد آفریدی کی قیادت میں قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 143 رنز بنا سکی تھی۔ گرین شرٹس کے پاس کلین سویپ فتح کے بعد رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر پہنچنے کا موقع ہوگا۔ قومی ٹیم 118پوائنٹس کے ساتھ رینکنگ میں چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔ پاکستان اگر ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کلین سویپ فتح حاصل کر لے تو دو درجے ترقی پا کر آئی سی سی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر بھی پہنچ سکتا ہے جبکہ ویسٹ انڈین ٹیم کی فتح کی صورت میں میزبان ٹیم کا ٹاپ پوزیشن پر موجود سری لنکن ٹیم سے ریٹنگ پوائنٹس کا فرق مزید کم رہ جائے گا۔ ویسٹ انڈین ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈکپ جیتنے کے بعد سے تاحال ناقابل شکست ہے۔  پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز احمد شہزاد نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر وہ بہت خوش ہیں، اس کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے۔ وہ پر امید ہیں کہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کھیلے گی اور اس میں بھی کامیابی حاصل کریگی اور تسلسل برقرار رکھے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن