• news
  • image

شہبازشریف کا پلمبر کے بیٹے کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان

شہبازشریف کا پلمبر کے بیٹے کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے میٹرک کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے قصور کے محنت کش ( پلمبر) کے بیٹے ہارون کے تعلیمی اخراجات کے لئے مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہارون جیسے طالب علم قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں جو مالی اور دیگر مشکلات کے باوجود محنت اور ہمت سے کام لیتے ہیں اور امتحانات میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کرکے یہ ثابت کرتے ہیں کہ اگر آگے بڑھنے کا عزم ہو تو کوئی بھی رکاوٹ راستے میں حائل نہیں ہوسکتی۔ علاوہ ازیں جگر کے مرض میںمبتلا کمسن عبداللہ بھارت سے علاج کراکے وطن واپس پہنچ گیا۔ وطن واپسی پر عبداللہ کے والدین کی خوشی دیدنی تھی۔ اس موقع پر عبداللہ اور اس کے والدین نے جگر کی پیوند کاری میں معاونت پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے 4سالہ عبداللہ کے والدین نے اپنے بیٹے کے جگر کی پیوند کاری میں معاونت کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مدد کی اپیل کی تھی۔ جس پر وزیراعلیٰ شہباز شریف نے عبداللہ کے فوری علاج کے لئے مالی امداد کا اعلان کیا تھا۔
ہائیکورٹ: حج آپریٹروں کے کاغذات یکم اگست تک مکمل کرنے کی ہدایت
لاہور(وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے قرار دیا ہے کہ عدالت میں اِس کیس کی سماعت عوام کے مفاد میں ہو رہی ہے۔ شفافیت کا عنصر عیاں اور میرٹ کی بالادستی ہے اگر اِس دفعہ نئے ٹوور آپریٹرز نے اچھی کارکردگی دکھائی تو اگلے سال زیادہ کوٹہ نیلام کیا جائیگا اور یوں حج عام آدمی کی پہنچ میں ہو گا۔ فاضل عدالت نے یہ ریمارکس حج کوٹہ کیس کی سماعت کے دوران دیئے۔ فاضل عدالت نے وفاقی وزارت مذہبی امور کو سستا حج کرانے والے ٹور آپریٹرز کو یکم اگست سے قبل آفر لیٹر اور دیگر دستاویزات دینے کے حوالے سے تمام کاغذات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ عمر عطا بندیال نے کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حج آپریشنز کے تمام انتظامات مکمل کئے جا چکے مگر حج کوٹہ توہین عدالت کیس کی29 جولائی کو پشاور ہائیکورٹ میں سماعت کی جائے گی لہٰذا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے تک کیس کی سماعت ملتوی کی جائے۔ درخواست گزارحج ٹور آپریٹرز کے وکیل محمد اظہر صدیق نے عدالت سے استدعا کی کہ حج آپریشنز شروع ہونے میں چند دن باقی رہ گئے ہیں لہذا عدالت وزارت مذہبی امور کو سستا حج کرانے والے ٹور آپریٹرز کی دستاویزات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کرے۔ جس پر عدالت نے حج کوٹہ کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی وزارت مذہبی امور کو سستا حج کرانے والے ٹور آپریٹرز کو آئندہ سماعت سے قبل آفر لیٹر اور دیگر دستاویزات دینے کے حوالے سے تمام کاغذات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
ہائیکورٹ/وزارت مذہبی امور

epaper

ای پیپر-دی نیشن