• news

کریک ڈاﺅن جاری، فیصل آباد، گجرات سمیت کئی شہروں میں بجلی و گیس چور پکڑے گئے

کریک ڈاﺅن جاری، فیصل آباد، گجرات سمیت کئی شہروں میں بجلی و گیس چور پکڑے گئے

لاہور+فیصل آباد (نامہ نگاران+نمائندہ خصوصی) بجلی اور گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن گزشتہ روز بھی جاری رہا اور فیصل آباد، گجرات سمیت کئی شہروں میں متعدد چور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے جبکہ کئی کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ فیصل آباد میں فیسکو انٹیلی جنس ٹیم نے بٹالہ کالونی کے علاقہ میں چھاپہ مار کر دو گھریلو میٹروں کے ذریعے بجلی چوری کی وردات پکڑ لی جن میں سے ایک میٹر مکمل طور پر ڈیڈ تھا۔ فیسکو سٹاف نے دونوں میٹر اتار لئے اور مقدمہ کے اندراج کےلئے متعلقہ تھانے میں درخواست دے دی گئی۔ دریں اثناءفیسکو کی مختلف سب ڈویژنوں نے 28مختلف صنعتی، کمرشل اور گھرےلو مقامات سے بجلی چوری پکڑ لی۔ چک جھمرہ سب ڈویژن نمبر1کے عملے نے چک نمبر19ج ب کے صارف مہرے خان، 44ج ب کے محمدانور ، محمد یعقوب ، موکھا اور مقبول احمد جبکہ مانوالہ سب ڈویژن کی صارف بشیراں بی بی کو ڈائریکٹ سپلائی لے کر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ اسلام پورہ سب ڈویژن کی ٹیم نے صارفین زاہد اسحاق اور محمد ظفر جبکہ سرگودھا روڈ سب ڈویژن کے اکبر علی کو میٹر کی سٹریپ ٹیمپر کر کے اور ٹرمینل بلاک میں شنٹ سسٹم کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ ساہیوال سے نامہ نگارکے مطابق بجلی اور گیس چوروں کے خلاف مہم کے دوران پولیس نے 7افراد کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں ۔غلہ منڈی کے محمد انور، پاکپتن چوک کے ایک سی این جی پمپ کے مالک طاہر بشیر، غلہ منڈی کے محمد اشرف کے خلاف گیس چوری کرنے پر محکمہ کے افسران کی رپورٹ پر مقدمات درج کر لئے ہیں۔ ٹھٹھہ پربانہ کے غلام فرید ،53جی ڈی کے پرویز، ٹھٹھہ مانک کے الیاس اور چک عیدل کے محمد ریاض کے خلاف بجلی چوری کرنے پر مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا کی ٹیموں نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر 42 افراد بجلی چوری کرتے پکڑے گئے۔ اروڑہ میاں خان سے 9افراد موضع ڈھلیانہ سے 20 افراد قصبہ سلکھا لادھوکا سے 3 افراد، کلاس حمید سے دو افراد کو بجلی چوری کرنے کا مرتکب پایا گیا۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق میپکو چیچہ وطنی نے دیہاتی کو ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ تین میٹر مختلف ناموں سے لگائے ہوئے تھے اور تینوں سے ڈائریکٹ تار لگا کر بجلی چوری کر رہا تھا۔بہاولپورسے نامہ نگار کے مطابق 35 صارفین بجلی چوروں سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے زائد جرمانہ وصول کیا گیا ہے جولائی کے مہینے میں تین بجلی چور محمداشرف نواز رندھاوا نورالحق کالونی، محمد بلال، فلوریڈا ہوٹل لاری اڈہ کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی یہ بات محمد عامر انصاری ایس ڈی او ستلج سب ڈویژن نے ایک ملاقات کے دوران کہی۔ میانوالی سے نمائندگان کے مطابق میانوالی بھر میں بجلی چوری کے روک تھام کیلئے 50 سے زائد بجلی چوری کے مرتکب افراد کو پکڑا گیا ہے اور ان کے خلاف متعلقہ تھانہ جات میں ایف آئی آرز درج کرائی گئی ہیں۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف پولیس کا بھرپور کریک ڈاﺅن جاری ہے۔ گزشتہ روز سرگودھا پولیس نے بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 7 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کئے، ملزمان میں ممتاز، محمد نواز، خضر حیات، اسحاق، نواز احمد، فلک شیر اور آصف شامل ہیں۔گجرات سے نامہ نگار کے مطابق مشترکہ آپریشن میں پرنس میں سوئی گیس چوری کرتے ہوئے فیکٹری کے مالک کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا، پرنس چوک میں واقعہ گلی میں اعجاز حیدر نامی شخص نے اپنے گھر میں مولڈنگ فیکٹری لگا رکھی تھی، جس کیلئے گھریلو سوئی گیس کنکشن حاصل کیا گیا تھا، چار سال گزرنے کے باوجود اس کنکشن کو کمرشل نہیں کروایا گیا۔ علاوہ ازیں بھیا پیزا پر چھاپہ، سوئی گیس چوری کے الزام میں پورے ہوٹل کی تلاشی لی گئی۔ ڈی سی او گجرات نے کہا کہ گیس و بجلی چوری کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ علاوہ ازیں بشیر ہسپتال ریلوے روڈ پر واپڈا اور پولیس کا چھاپہ گھریلو میٹر کو کمرشل چلانے پر ہسپتال کے دو میٹر اتار لئے گئے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ صدر نے کوٹ منڈیانوالہ میں چھاپہ مار کر حنیف، ہاشم اور محمود کے خلاف بجلی چوری کے الزام میں مقدمات درج کئے ہیں۔
چور پکڑے گئے

ای پیپر-دی نیشن