صدارتی انتخاب:کس کو ووٹ دینا ہے ابھی فیصلہ نہیں کیا: فضل الرحمن
اسلام آباد (ثناءنیوز + نوائے وقت رپورٹ) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ صدارتی امیدوار کی نامزدگی پر اتحادیوں کو اعتماد میں نہ لینے پر وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ گذشتہ روز ملاقات میں تحفظا ت کا اظہار کر دیا تھا۔ کور کمیٹی کے اجلاس جس میں نئے صدر کے انتخاب کے بارے میں غورو غوض ہوا، معاملات طے نہ پانے پر جے یو آئی کا صدارتی انتخاب میں غیر جانبدار رہنے کا امکان ہے جے یو آئی بلوچستان نے مسلم لیگ ن کے سا تھ صوبے کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے جو دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت میں اٹھائے جائیں گے۔ ترجمان کے مطابق فضل الرحمان نے کہا ہے کہ صدر کے حوالے سے ابھی تک باضابطہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ اسحاق ڈار سے رابطہ ہو ا ہے۔ دوبارہ رابطے کی صورت میں جے یو آئی بلوچستان کے تحفظات ظاہر کئے جایئں گے کیونکہ جے یو آئی بلوچستان میں ایک حقیقی سٹیک ہو لڈر ہے اور بلوچستان کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے نئے عمرانی معاہدے کو موجودہ مخدوش صورتحال کی اہم ضرورت سمجھتی ہے۔ اب اس حوالے سے بال مسلم لیگ (ن) کے کوٹ میں ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ گذشتہ روز ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان سے ملاقات امن و امان کے حوالے سے ہوئی تھی ۔جس میں حکومتی اتحادیوں کو اعتماد میں نہ لینے کے حوالے سے تحفظات ظاہر کئے تھے۔ جے یو آئی سمجھتی ہے کہ صدر فاٹا کا بھی چیف ایکزیگٹیو ہو تا ہے لہٰذا ان کو اگر فاٹا کے بارے میں سمجھ بوجھ ،معلومات اور وہاں کے مقامی صورتحال کی سنگینی کا انداز ہو تا ہے تو مسئلہ کو حل کرنے میں زیادہ مدد گار ثابت ہو گا۔