• news

عید پر سپیشل ٹرینیں چلانے‘ ریلوے کرایوں میں 3 ماہ کیلئے 57 فیصد فیصد تک کمی کا اعلان

لاہور (سٹاف رپورٹر) ریلوے نے ملک بھر میں برانچ لائنوں پر چلنے والی ٹرینوں کا کم سے کم کرایہ 35 روپے سے کم کر کے 20 روپے کرنے سمیت مختلف ٹرینوں کے اے سی سلیپر، اے سی بزنس اور اکانومی کلاس کرایوں میں 17 سے 57 فیصد تک کی کمی کر دی ہے جس کے باعث مختلف شہروں کے درمیان ریلوے کا کرایہ روڈ ٹرانسپورٹ سے بھی نیچے آگیا ہے جبکہ ریلوے کی طرف سے عیدالفطر کے موقع پر بھی عید سپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کر دیا گیا ہے کرایوں میں کمی کا فیصلہ زیادہ سے زیادہ مسافروں کی ٹرینوں میں سفر کو یقینی بنانا ہے، کمی کا اعلان وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پریس کانفرنس میں فیصلے کے مطابق یہ کمی تین ماہ کے لئے قراقرم کے سوا تمام مسافرٹرینوں کے کرایوں میں کی گئی ہے پشاور ،راولپنڈی کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کے اے سی سلیپر کا کرایہ 1080 روپے سے کم کر کے 600 روپے کر دیا گیا ہے اے سی بزنس 780 سے کم کر کے 500 روپے، پشاور لاہور کے درمیان اے سی سلیپر 2430 سے کم کر کے 1400 روپے جبکہ اے سی بزنس 1640 سے کم کر کے 900 روپے، لاہور، راولپنڈی کے درمیان اے سی سلیپر 1580 سے کم کر کے 1000 روپے، اے سی بزنس 1200 روپے سے کم کر کے 850 روپے، لاہور، کراچی کے درمیان اے سی اے سی بزنس 4200 سے کم کر کے 3500 روپے کر دیا گیا ہے حیدرآباد، کراچی کے درمیان تیزگام، قراقرام اور سکھر ایکسپریس کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے جس کے مطابق تیزگام اے سی سلیپر کا کرایہ 1080 سے 600 روپے، قراقرم اے سی سلیپر کا کرایہ 1470 سے کم کر کے 600 روپے، سکھر ایکسپریس اے سی سلیپر کا کرایہ 1120 سے کم کر کے 600 روپے کر دیا گیا ہے اسی طرح تیزگام اے سی بزنس کا کرایہ 750 سے کم کر کے 400 روپے، قراقرم ایکسپریس اے سی بزنس کا کرایہ 760 سے کم کر کے 400 روپے، سکھر ایکسپریس اے سی سٹینڈرڈ کا کرایہ 510 سے کم کر کے 400 روپے کیا گیا ہے اسی طرح برانچ لائنوں پر چلنے والی ٹرینوں کے اکانومی کلاس کے کرایوں میں بھی کمی کی گئی ہے۔ لاہور فاروق آبا د کا کرایہ 90 روپے سے کم کر کے 80 روپے، لاہور، فیصل آباد کا 170 روپے سے کم کر کے 140 روپے، لاہور، جڑانوالہ کا کرایہ 160 روپے سے کم کر کے 150 روپے، ملتان خانیوال کا کرایہ 90 روپے سے کم کر کے 60 روپے کردیا گیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم نے روڈ ٹرانسپورٹ کے ساتھ کرایوں کا موازنہ کیا ہے۔ جس سے یہ بات سامنے آئی کہ ریل کا کرایہ روڈ ٹرانسپورٹ سے زیادہ ہے ہم نے حال ہی میں لاہور اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی ریل کاروں کے کرایوں میں کمی کی تھی جس کے نتیجے میں ریونیومیں خاصا اضافہ ہوا اور مسافروں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔ موجودہ مالی سال کے دوران بجلی اور پٹرول کے نرخوں میں اضافہ ہو گا لیکن ہم کوشش کریں گے کہ وہ اضافہ عوام کو منتقل نہ کریں۔ جب میں نے وزارت سنبھالی تو اس وقت ایک فریٹ ٹرین چل رہی تھی اب شعبہ مکینکل نے اپنے وسائل سے لوکو موٹیو مرمت کئے ہیں اور 22 سے 24 لوکو موٹیو سسٹم پر آگئے ہیں اب تین فریٹ ٹرینیں چل رہی ہیں دسمبر تک فریٹ ٹرینوں کی تعداد 5 ہو جائے گی۔ریلوے کا خسارہ جو 10 کروڑ روپے روزانہ ہو رہا تھا وہ پونے 9 کروڑ روپے پر آگیا ہے اور یومیہ خسارے میں کمی ہوئی ہے۔ آئندہ آنے والے دنوں میں مذید کمی ہو گی۔ ہم نے 35 ارب خسارے کو زیرو پر لانا ہے ریلوے کو منافع بخش ادارے تبدیل کریں گے۔ دنیا بھر میں لوکو موٹیو کی مرمت پر روزانہ 500 ڈالر خرچ ہوتے ہیںجبکہ ہمارے ہاں شرخ 50 ڈالر ہے۔ پنجاب حکومت نے 30 کروڑ روپے ادا کر دئیے ہیں۔ 75 چینی لوکوموٹیو کی ایل سی کی رقم ایک ارب 57 کروڑ روپے واپس مل گئی ہے ہم اب 75 لوکو موٹیو چین سے نہیں خریدیں گے۔جاوید اشرف قاضی نے کوڑا خریدا تھا جن لوگو ں نے ریلوے کے ساتھ ہاتھ کیا ہے اب ان کے ساتھ ہاتھ کرنے کا وقت آگیا ہے بس چیئر مین نیب کی تقرری کا معاملہ ہے اس کے بعد کام شرو ع ہو گا۔ ناکامی میر ی لغت میں نہیں ریلوے کے لوگوں کو 8 گھنٹے کام کرنے پڑے گا۔ کچھ لوگ کام چور تھے اور کچھ کا کام میں دل نہیں لگ رہا تھا۔ اب ان کا دل لگ گیا ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ گوجرانوالہ ٹرین حادثہ کے ذمہ دار ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور ہیں۔ واقعہ کی تحقیقات مکمل کئے بغیر فائل بند نہیں کریں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن