• news
  • image

عائلہ ملک کی انٹر سند جعلی ہے، راولپنڈی بورڈ: انعام اللہ نیازی الیکشن کے لئے نااہل

راولپنڈی + میانوالی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں + نمائندگان) راولپنڈی بورڈ نے تحریک انصاف کی رہنما عائلہ ملک کی انٹر کی سند جعلی قرار دے دی جبکہ الیکشن ٹربیونل راولپنڈی نے بنک نادہندہ ہونے کی بنیاد پر این اے 71 میانوالی سے امیدوار انعام اللہ خان نیازی کو نااہل قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی بورڈ نے عائلہ ملک کی انٹرمیڈیٹ کی سند کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل میں جواب داخل کرایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عائلہ ملک کی انٹرمیڈیٹ کی سند کا ہمارے پاس کوئی ریکارڈ نہیں۔ عائلہ ملک نے 89ءمیں انٹرمیڈیٹ کی سند حاصل کرنے کا دعویٰ کر رکھا ہے۔ راولپنڈی بورڈ کے جواب کے بعد الیکشن ٹربیونل نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ ٹربیونل کل 29 جولائی کو سماعت کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جس سند کا ریکارڈ نہ ملے اسے جعلی سمجھا جاتا ہے۔ راولپنڈی بورڈ نے بتایا کہ عائلہ ملک کی طرف سے بتایا گیا رول نمبر ایک دوسرے طالب علم کا ہے جو فیل ہو چکا ہے۔ دریں اثناءالیکشن ٹربیونل نے تحریک انصاف کی نامزد امیدوار عائلہ ملک کی درخواست پر حلقہ این اے 71 میانوالی میں ان کے مدمقابل آزاد امیدوار انعام اللہ خان نیازی کو نااہل قرار دے دیا ہے۔ ان پر بنک ڈیفالٹر ہونے کا اعتراض لگایا گیا ہے جبکہ اسی الیکشن ٹربیونل راولپنڈی نے تحریک انصاف کی نامزد امیدوار عائلہ ملک کی درخواست پر مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عبید اللہ شادی خیل کے خلاف فیصلہ محفوظ کر لیا ہے اور یہ فیصلہ 29 جولائی 2013ءکو سنایا جائے گا۔ عائلہ ملک کے ترجمان نے نوائے وقت کو بتایا ہے کہ عبید اللہ شادی خیل کے نااہل ہونے کے قوی امکانات ہیں۔آن لائن کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 71سے تحریک انصاف کی امیدوار عائلہ ملک کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف انتخابی پٹیشن مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا جو کہ عید سے پہلے سنائے جانے کا امکان ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ا میدوار عبید اللہ شادی خیل نے عائلہ ملک کے خلاف پٹیشن دائر کی تھی۔ ہفتہ کے روز الیکشن ٹربیونل نے اس حوالے سے ایجوکیشن بورڈ راولپنڈی کے چیئرمین کی انتظامیہ کو عدالت میں طلب کیا اور انہوں نے عدالت میں رپورٹ پیش کی عائلہ ملک نے انتخابی مہم کیلئے جو ڈگری جمع کرائی اس کا ریکارڈ ان کے پاس موجود ہے اور عائلہ ملک نے 1989ءمیں جس رول نمبر کے تحت امتحان دیا اس رولنمبر کے مطابق امیدوار کا نام امداد حسین ہے اور وہ جہلم کا رہائشی ہے جو کہ امتحان میں فیل ہوگیا تھا لہذا عائلہ ملک کی ڈگری جعلی ہے۔ 

epaper

ای پیپر-دی نیشن