• news

الیکشن کمشن نے صدارتی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی‘ ممنون حسین‘ وجیہہ الدین مدمقابل

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے صدارتی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے جس کے مطابق ممنون حسین اور وجیہہ الدین احمد صدارتی امیدوار ہوں گے۔ الیکشن کمشن نے صدارتی انتخاب کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپوائی کا حکم بھی دیدیا صدارتی انتخاب کیلئے ڈیڑھ ہزار بیلٹ پیپر چھپوائے جائیں گے۔ بیلٹ پیپر پر حروف تہجی کے مطابق نام لکھے جائیں گے۔ صدارتی انتخاب‘ قومی اسمبلی سینٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس کل ہونگے۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 30 جولائی کو طلب کیا گیا ہے جبکہ قومی اسمبلی سینٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس (کل) 29 جولائی کو ہونگے جن میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ایوانوں کو صدارتی الیکشن کا پولنگ سٹیشن بنانے کیلئے قرارداد کے ذریعے اجازت لی جائیگی۔ دریں اثناء وزیراعظم میاں نوازشریف نے قومی اسمبلی اور سینٹ میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس بھی (کل) 29 جولائی کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں طلب کیا ہے۔ اجلاس میں (ن) لیگ کے صداتی امیدوار ممنون حسین کی کامیابی کے لئے حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اجلاس میں تمام ارکان کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے تمام ارکان سے ٹیلی فون پر رابطے قائم کئے ہیں جبکہ سعودی عرب اور دیگر ممالک میں نجی دوروں پر گئے ہوئے ارکان کو 28 جولائی تک وطن واپس آنے کی ہدایت بھی دیدی گئی۔ دوسری طرف تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس (کل) طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں پارٹی کے امیدوار جسٹس (ر) وجیہہ الدین کو زیادہ سے زیادہ ووٹ دلوانے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ عمران خان نے تمام ارکان اسمبلی کو اپنی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ مسلم لیگ(ن) کے متبادل صدارتی امیدوار اقبال ظفر جھگڑا نے صدارتی امیدوار کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے بائیکاٹ کا فیصلہ کرنا ان کا آئینی حق ہے۔ پیپلز پارٹی بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی کرتی تو بہتر تھا، چھوٹی باتوں پر بائیکاٹ کرنا مناسب نہیں۔سیاست اور جمہوریت میں کسی چیز کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہئے۔ ایم کیو ایم کا کراچی میں مینڈیٹ ہے ہم ان کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔ ایم کیو ایم نے ہمارے ایجنڈے کو تسلیم کر لیا ہے۔ ایم کیو ایم بھی ماضی کو بھلا کر تعاون کرنے کیلئے تیار رہے، ایم کیو ایم نے ہماری حکومت کی پالیسیوں کے ساتھ چلنے کا عندیہ دیا ایم کیو ایم نے غیر مشروط تعاون کا اعلان کیا ہے۔ صدارتی انتخاب کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل 29 جولائی کو لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس سے صدارتی امیدوار ممنون حسین خطاب کریں گے۔ ارکان اسمبلی سے رابطوں کے لئے صوبائی وزرا کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ اے این این کے مطابق صدارتی انتخاب میں حصہ لینے والے دونوں امیدواروں میں سے کوئی ایک بھی کبھی کسی صوبائی اسمبلی یا پارلیمنٹ کا رکن نہیں رہا۔ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ دونوں صدارتی امیدواروں کا تعلق کراچی سے ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن