کامن ویلتھ گیمز میں عدم شرکت کی ذمہ دار حکومت ہو گی : آصف باجوہ
کامن ویلتھ گیمز میں عدم شرکت کی ذمہ دار حکومت ہو گی : آصف باجوہ
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی یڈریشن کے سیکرٹری محمد آصف باجوہ نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں قومی ٹیم کی شرکت نہ ہونے کی صورت میں تمام ذمہ داری حکومت پاکستان پر عائد ہوگی۔ خصوصی گفتگو میں آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کو متعدد بار خط کے ذریعے پوچھا گیا ہے کہ وہ پاکستان اولمپک ایسوسی کی حیثیت کے بارے میں واضح کرے تاہم پی ایس بی کی جانب سے اکرم ساہی کو ماننے کے لئے کہا جارہا ہے جبکہ اکرم ساہی کے پاس انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ساتھ رکنیت کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ آصف باجوہ نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کا تین ٹنور کے حوالے سے فیصلہ آنے کے بعد عارف حسن کی بھی حیثیت مشکوک ہے جس کی بنا پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تمام معاملہ حکومت پاکستان کے سپرد کردیا ہے۔ آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ حکومت ہمیں جو بھی ہدایات دے گی، اس کی روشنی میں پاکستان ہاکی فیڈریشن عمل کرے گی۔ سیکرٹری پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ بڑی امید ہے کہ حکومت پاکستان قومی کھیل کے لئے فوری طور پر معاملے کا نوٹس لے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن جنرل عارف حسن کی جانب سے ہمیں دی جانے والی ڈیڈ لائن کی کوئی حیثیت نہیں ہے کیونکہ ہم نے حکومت کی ہدایت کے مطابق چلنا ہے۔ اگر کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان ٹیم کا نام نہ گیا تو اس کی ذمہ داری پاکستان ہاکی فیڈریشن پر عائدنہیں ہوگی بلکہ اس کی ذمہ داری حکومت پاکستان پر عائد ہوگی۔