کرکٹ ورلڈ کپ 2015 ءکے شیڈول کا اعلان ‘ پاکستان‘ بھارت ایک ہی پول میں شامل
لاہور (سپورٹس رپورٹر) کرکٹ ورلڈکپ 2015ءکے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق پاکستان اور بھارت ایک ہی پول میں شامل ہیں۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے میلبورن میں ہونے والی پروقار تقریب میں آئندہ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کیا، جس کے مطابق 14 فروری کو شروع ہونے والا یہ میگا ایونٹ 44 روز تک جاری رہے گا اس دوران 14 مختلف شہروں میں کل 49 مقابلے ہوں گے جن میں 26 آسٹریلیا اور 23 نیوزی لینڈ میں منعقد ہوں گے، ایونٹ میں 14 ٹیمیں شامل ہوں گی، ہر پول میں ٹیسٹ سٹیٹس کی حامل 5 اور دو کوالیفائر ٹیمیں شامل ہوں گی، پول اے میں انگلینڈ، آسٹریلیا ، سری لنکا ، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے علاوہ دو کوالیفائر ٹیمیں شامل ہوں گی جبکہ پول بی میں جنوبی افریقا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت، ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور آئر لینڈ کے علاوہ ایک اور کوالیفائر ٹیم شامل ہوگی۔شیڈول کے مطابق ایونٹ کا افتتاحی میچ 14 فروری کو نیوزی لینڈ کا مقابلہ سری لنکا کے درمیان ہوگا جبکہ انگلینڈ اور آسٹریلیا بھی اسی روز مدمقابل ہوں گے، روایتی حریف پاکستان اور بھارت 15 فروری کو ایڈیلیڈ کے میدان میں ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ہوں گے۔ ہر پول سے بہتر کارکردگی کی بنیاد پر چار ٹیمیں ناک آو¿ٹ مرحلے میں داخل ہوں گی اور کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل میں فتح حاصل کرنے والی دو ٹیمیں 29 مارچ کو ملبورن کے اسی گراو¿نڈ میں فائنل کھیلیں گی جہاں 1992 کے ورلڈ کپ کا فائنل ہوا تھا اور پاکستان نے عمران خان کی قیادت میں انگلینڈ کو شکست دے کر عالمی چیمپیئن کا تاج پہنا تھا۔ آئی سی سی ورلڈکپ 2015ءکی میزبانی کرنے والے شہروں میں ایڈیلیڈ، آک لینڈ، برسبین، کینبرا، کرائسٹ چرچ، ڈونیڈن، نیپئر، نیلسن، ہملٹن، ہوبارٹ، میلبورن، پرتھ، سڈنی اور ولنگٹن شامل ہیں۔