ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ‘ میچز مشکوک ہونے میں صداقت نہیں: اقبال قاسم
لاہور (اے پی پی) سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کہا ہے کہ برطانوی اخبارات کی طرف سے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ہونے والے دو ون ڈے میچز کے مشکوک ہونے کے بارے میں لگائے گئے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ان الزامات کی انکوائری ضرور کروانی چاہئے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔ اقبال قاسم نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا ان الزامات کے بارے میں آئی سی سی سے مسلسل رابطہ ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ آئی سی سی کی انکوائری میں الزامات بے بنیا د ثابت ہوں گے۔پاکستان کے چند کھلاڑیوں کے سپا ٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے واقعات کے بعد پاکستان ٹیم کے ہر میچ کو مشکوک نظروں سے دیکھا جارہا ہے۔ ویسٹ انڈیز کےخلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریزمیں قومی ٹیم کی کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور ہر کھلاڑی نے جیت میں کردار ادا کیا ہے۔ شاہد آفریدی نے ثابت کیا ہے کہ وہ ٹیم کی جیت میں کسی وقت بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ عمر اکمل بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بطور وکٹ کیپر کھیلانے کا تجربہ بھی کافی کامیاب رہا ہے اور اس کو آئندہ میچز میں بھی موقع دیا جاناچاہئے۔ قومی ٹیم میںاب تبدیلیاں نہیں کی جانی چاہئیں بلکہ نئے کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں کو مزید اظہار کا موقع دینا چاہئے۔ جب ٹیم جیتی ہے تو سب فیصلے اچھے لگتے ہیں اور جب ٹیم ہارتی ہے تو بہت سے فیصلے غلط لگتے ہیں۔