• news

کامن ویلتھ گیمز انتظامیہ نے پاکستان ہاکی ٹیم کو شرکت کے لئے 16 اگست تک مہلت دے دی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کی کوششوں سے کامن ویلتھ گیمز انتظامیہ نے قومی ہاکی ٹیم کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے مزید 16 اگست تک کی مہلت دیدی ہے۔ یہ بات پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامئے میں کہی گئی ہے جس کے مطابق قومی کھیل ہاکی کی گلاسکو میں منعقد ہونے والی 20 ویں کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کو یقینی بنانے کے لئے کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن سے درخواست کی گئی تھی کہ مزید مہلت دی جائے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن اور کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مائیک ہوپر کے درمیان گذشتہ روز ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں کہا گیاکہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے جس کی کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کو یقینی بنانا چاہتے ہیں جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھی ان گیمز میں شرکت کرنے سے انکار نہیں کیا ہے۔ کامن ویلتھ گیمز انتظامیہ نے پاکستان ہاکی ٹیم کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے مزید دو ہفتے کی مہلت دیدی ہے جس کا باقاعدہ دعوت نامہ 2 اگست تک پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو موصول ہو جائے گا جس کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن پر لازمی ہوگا کہ وہ 16 اگست تک اس بات کی تصدیق کرئے کہ پاکستان ٹیم نے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنی ہے یا نہیں۔ عارف حسن نے کہا کہ نیا دعوت نامہ موصول ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر پاکستان ہاکی فیڈریشن سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ میگا ایونٹ میں قومی کھیل کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ عارف حسن نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے لئے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت 2016ءکے اولمپک گیمز کی تیاری کا بہترین موقع دستیاب ہوگا جس میں دنیا کی بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز انتظامیہ کی جانب سے مزید مہلت ملنے کے بعد توقع کی جاتی ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن قومی کھیل کے وسیع تر مفاد کی خاطر مثبت جواب دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اپنی ہر ممکن کوشش میں ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کی میگا ایونٹ میں شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن