بجلی‘ گیس چوروں کیخلاف آپریشن جاری ۔۔۔ لاہور‘ فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں چھاپے
لاہور+ اسلام آباد (خبر نگار+نامہ نگاران+ نوائے وقت نیوز) بجلی اور گیس چوری کیخلاف آپریشن گذشتہ روز بھی جاری رہا اور لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں متعدد بجلی اور گیس چوروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے نے گوجرانوالہ ڈی سی روڈ پر ڈیپارٹمنٹل سٹور پر چھاپہ مارا جس کے دوران بجلی چوری کی غیرقانونی لائن پکڑی گئی اور سٹور مینجر کو گرفتارکرلیا گیا۔ ایف آئی اے ٹیم نے حیدرآباد میں گیسٹ ہاﺅس پر چھاپہ مارا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے حسین اصغر کے مطابق گیسٹ ہاﺅس میں چوری کی بجلی کو پکڑا گیا۔ گیسٹ ہاﺅس کے منیجر کیخلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتارکر لیا۔ لاہور کی عظیم گارڈن سوسائٹی میں بھی ایف آئی اے نے چھاپہ مارا، اس کے علاوہ طیبہ ٹاﺅن فیز ون، فیز ٹو، تھری، فیروزوالا میں بھی چھاپے مارے گئے اور بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے نے صدر کینٹ میں فاسٹ فوڈ سنٹر پر چھاپہ مارا اور بجلی چوری پکڑی گئی۔ ایف آئی اے نے فوڈ سنٹر کے مالک کیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق ضلعی انتظامیہ، محکمہ پولیس اور سوئی نادرن کمپنی کے عملہ نے نواحی علاقہ ملکے کلاں میں گیس چوری کے خلاف مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے 3 فیکٹریوں کے مالکان کے خلاف گیس کی چوری کا مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ فیصل آباد میں فیسکو انٹیلی جنس ٹیم نے بکر منڈی سب ڈویژن کے علاقہ میں چھاپہ مار کر پاور لومز فیکٹری میں بجلی چوری پکڑ لی۔ ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا تو ایک پاور لومز فیکٹری جس میں 40 پاور لومز لگی ہوئی تھیں کے میٹر کا ایک فیز کو ڈیڈ تھا اور میٹر سلو کر کے بجلی چوری کی جا رہی تھی۔ علاوہ ازیں مختلف علاقوں میںبجلی چوروں کیخلاف کارروئیوں میں 13 مختلف صنعتی،کمرشل اور گھرےلو مقامات سے بجلی چوری پکڑ لی۔ علاوہ ازیں اینٹی تھیفٹ سکواڈ نے چھاپہ مارکر کلیم شہید کالونی میں دھاگہ ڈبلنگ فیکٹری میں بجلی کی سپلائی کا جعلی میٹر پکڑ لیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق واپڈا کی 4 چھاپہ مار ٹیموں نے 22 سے زائد دیہاتوں میں اچانک چھاپے مارکر 18 ڈائریکٹ کنڈے اور 26 دیگر افراد کو بجلی چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے جن میں 8کے خلاف فوری مقدمات درج کروانے کے علاوہ انہیں لاکھوں روپے جرمانہ بھی کر دیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر ملازمین سے ہاتھا پائی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ کنڈے ڈالنے والوں میں نور الٰہی، تاجدین، نثار احمد، محمد خالد، محمد بوٹا، محمد بشیر، بابر علی، محمد نذیر، ضیاءالرحمان، محمد وارث، محمد صالح وغیرہ شامل ہیں۔ آئی این پی کے مطابق راولپنڈی میں سوئی گیس ٹاسک فورس نے 60 لاکھ روپے مالیت سے زائد کی گیس چوری کا سراغ لگا لیا۔ ٹیم نے پولیس کے ہمراہ گڈ لک سویٹ غزنی روڈ باغ سرداراں پر چھاپہ مارا جہاں سویٹ شاپ کا مالک شہاب الدین ربڑ پائپ کے ذریعے گھریلو میٹر سے گیس کے کمرشل استعمال کا مرتکب پایا گیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق لاہور میں ایف آئی اے نے 10 سال سے گیس چوری کرنے والی ایک فیکٹری میں چھاپہ مار کر کروڑوں کی گیس چوری پکڑ لی لیکن مالک گرفتار نہ ہو سکا۔ بادامی باغ لنک روڈ پر ملبوسات تیار کرنے والی فیکٹری میں چھاپہ مارا گیا۔ فیکٹری مالکان زیرزمین پائپ بچھا کر سرکاری لائن سے گیس چوری کر رہے تھے۔ فیکٹری منیجر ظفراللہ خان کو گرفتار کر لیا گیا۔