عمران پرویز اشرف بنیں، وجیہہ الدین: سپریم کورٹ سے معافی نہیں مانگیں گے، شفقت محمود
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) تحریک انصاف کے رہنما جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی تقریر میں سپریم کورٹ کو ٹارگٹ نہیں کیا۔ عمران خان کا رویہ راجہ پرویز اشرف جیسا ہونا چاہئے۔ سپریم کورٹ کی طرف سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری ہونے پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا عمران خان نے سپریم کورٹ کا کام لیکر کبھی تنقید نہیں کی اور اب اگر سپریم کورٹ نے انہیں بلایا ہے تو میرا مشورہ ہو گا کہ عمران خان سپریم کورٹ کے سامنے یوسف رضا گیلانی بننے کی بجائے راجہ پرویز اشرف بنیں۔ انہوں نے کہا عمران خان نے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے کبھی بھی ججز پر تنقید نہیں کی بلکہ وہ ریٹرننگ افسر کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں اسلئے میں نہیں سمجھتا کہ وہ توہین کے مرتکب ہوئے۔ انہوں نے کہا میں عمران خان کا وکیل ہوں اور نہ ہی ان کے ساتھ سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ سپریم کورٹ اور عدالتوں کا احترام کیا ہے اور آئندہ بھی کریگی۔ دریں اثناءتحریک اصناف کے رکن قومی اسمبلی شفقت محمود نے کہا ہے کہ عمران خان سپریم کورٹ سے معافی نہیں مانگیں گے نوٹس کا قانونی دفاع کیا جائے گا۔ عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی میں ریٹرننگ افسر کا جو کردا ر رہا وہ سب جانتے ہیں اور دھاندلی پر احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا جمہوری اور آئینی حق ہے جس سے کوئی بھی نہیں روک سکتا۔ بدھ کے روز ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دھاندلی کے حوالے سے جو باتیں کی ہیں وہ بالکل درست ہیں اور اس بارے میں تحریک اصناف کے پاس مکمل ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سپریم کورٹ پیش ضرور ہوں گے لیکن کسی بھی صورت معافی نہیں مانگیں گے۔