کور کمانڈر راولپنڈی کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری، نومبر کے آخر تک آرمی چیف سمیت مزید 3 افراد ریٹائر ہو جائیں گے
راولپنڈی (اے این این + نوائے وقت رپورٹ) وزارت دفاع نے کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل خالد نواز کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سمیت نومبر کے آخرتک تین اور سینئر فوجی افسران ریٹائر ہو جائیں گے، اس سے قبل نئے آرمی چیف کی نامزدگی کا امکان ہے۔ خالد نواز 13 اگست کو عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ پانچ اکتوبر کو کور کمانڈر سدرن کمانڈ کوئٹہ عالم خٹک ریٹائر ہو رہے ہیں، 30 اکتوبر کو چیئرمین جائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں اور ان کے بعد 28 نومبر کو آرمی چیف جنرل کیانی اپنی دو سالہ توسیعی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ریٹائر ہو جائینگے۔ نومبر میں تین سینئر جرنیلوں کی ریٹائرمنٹ کے بعد سب سے سینئر جرنیل لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم ہوں گے، آرمی چیف کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر لیفٹیننٹ جنرل راشد محمود ہیں جو موجودہ آرمی چیف کے قریبی بھی سمجھے جاتے ہیں۔