• news

ڈیانا کو حسنات سے والہانہ محبت تھی، شادی سے انکار پر تعلقات ختم کئے تھے: امریکی جریدہ

واشنگٹن+ لندن (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) ایک امریکی جریدے نے دعویٰ کیا ہے کہ شہزادی ڈیانا کو پاکستانی سرجن حسنات خان سے والہانہ محبت تھی لیکن شادی سے انکار پر ڈیانا نے حسنات سے تعلقات ختم کرلئے تھے۔ لیڈی ڈیانا حسنات کی خاطر برطانیہ کو چھوڑنے اور پاکستان میں قیام پر غور کر رہی تھیں۔ امریکی جریدے ”وینٹی فیئر“ کی رپورٹ کے مطابق حسنات خان کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ڈیانا پاگل پن کی حد تک خان سے محبت کرتی تھی اوراس سے شادی کرنا چاہتی تھی۔ خان کے ایک کزن کا کہنا تھا کہ دونوں نے اس سے پاکستان میں زندگی گزانے کے بارے میں بات کی تھی اور پاکستان کی ثقافت کے بارے میں پوچھا تھا۔ رپورٹس کے مطابق ڈیانا حسنات خان سے شادی کرنا چاہتی تھیں لیکن خان کی جانب سے شادی یا اکٹھے لوگوں کے سامنے آنے سے انکار کرنے کے بعد ڈیانا نے خان سے تعلقات ختم کر دیئے تھے۔ ڈیانا کا اصرار تھا کہ حسنات اس سے خفیہ شادی کرے اور وہ حسنات سے بیٹی کی خواہشمند تھیں لیکن حسنات نے خفیہ شادی سے انکار کر دیا تھا۔ جریدے کے مطابق شہزادی ڈیانا نے 2 بار پاکستان کا دورہ کیا اور دونوں بار ہی حسنات سے شادی پر بات چیت کیلئے ان کی فیملی سے خفیہ طور پر ملنے کیلئے گئیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن