ایفی ڈرین کیس: حنیف عباسی کیخلاف سمگلنگ کیس کا چالان پیش، بھائی باسط عباسی مفرور قرار
راولپنڈی (اے پی اے ) اینٹی نارکوٹکس فورس نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق ایم این اے حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین سمگلنگ کیس کا باقاعدہ چالان عدالت میں پیش کردیا ہے جسے انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج ارشد محمود تبسم نے سماعت کے لئے منظورکرتے ہوئے مقدمے کے پانچوں ملزمان کو نوٹس جاری کرکے17اگست کو طلب کر لیا۔ مقدمہ میں حنیف عباسی کے نامزد ملزم بھائی باسط عباسی کو مفرور قرار دیتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے گئے ہیں۔ملزم قرار پانے والوں میں حنیف عباسی، ان کے بھائی باسط عباسی، غضنفر علی، محمد ناصر خان، راجہ احمد عباسی،نذاکت اور رانا محسن خورشید شامل ہیں، باسط عباسی اور احمد بلال مفرور ہیں۔ مقدمے میں منشیات سمگلنگ کی دفعہ9 سی بھی شامل کی گئی ہے۔کراچی کے ڈیلر ذوالفقار شیخانی اورآصف شیخانی وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں،چالان میں حنیف عباسی کو کڑی سزادینے کی استدعا کی گئی ہے۔ عدالت نے نامزد ملزمان سابق وفاقی وزیرمخدوم شہاب الدین، علی موسیٰ گیلانی، کرنل(ر) طاہرالودود، سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر اسد حفیظ، ڈرگ کنٹرولر شیخ انصار،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈرگ عبدالستار سوہرانی،افتخار خان بابر، توقیرعلی خان،زونیر ملک میں مقدمے کی نقول تقسیم کردی ہیں۔ عدالت نے5 ملزمان افتخار بابر، شیخ انصار و ان کی فیملی کو 3 اگست تک اثاثے بنانے کے ذرائع آمدن کی تفصیلات وجواب داخل کرنے کی آخری مہلت دے دی ہے۔گیلانی فیملی کے وکیل چوہدری فیصل نے کہا کہ ان کا یہ کیس الگ کیا جائے وہ مفصل دلائل دینا چاہتے ہیں۔عدالت نے یہ استدعا منظورکرتے ہوئے 3 اگست کو دلائل دینے کا حکم دیا ہے۔