لنکن ٹیم حملہ کیس : ملزم کی ضمانت منسوخ کرانے کیلئے حکومت پنجاب کی درخواست
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان نے سری لنکن ٹیم حملہ کے ملزم کی ضمانت منسوخی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت سے انکار کر دیا اور کیس چیف جسٹس کو بھجوا دیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوارالحق اور جسٹس عبدالسمیع خان پر مشتمل ڈویژنل بینچ میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ میں ملوث ملزم محمد زبیر کی ضمانت منسوخی کیلئے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے درخواست دائر کی جس میں م¶قف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزم کے خلاف سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے جبکہ پولیس اہلکاروں نے اس کی شناخت بھی کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کا ملزم ڈاکٹر عثمان بھی ملزم کی نشاندہی پر گرفتار ہوا لہٰذا ملزم زبیر کی ضمانت منسوخی کے احکامات صادر کئے جائیں۔ ڈویژنل بینچ میں شامل جسٹس عبدالسمیع خان نے ذاتی وجوہات پر کیس کی سماعت کرنے سے انکار کر دیا جس پر عدالت نے ملزم زبیر کو اگلی پیشی کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کو چیف جسٹس کے پاس بھجوا دیا۔