سپورٹس کلچر کو اجاگر کرکے صوبہ کو نئی شناخت دی جائے گی : ملک اقبال چنڑ
لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) صوبے کے نوجوانوں کو صحت مندانہ ماحول کی فراہمی اور کھیلوں کے فروغ کے لئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں بہاولپور ڈویژن میں 25 کروڑ روپے کی لاگت سے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے سٹیڈیم، جمنیزیم اور منی سپورٹس سٹیڈیم تعمیر کئے جائیں گے۔ اس امرکا اظہار صوبائی وزیرکوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے آج اپنے آفس میں بہاولپورڈویژن سے آئے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نچلی سطح پر کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے تاکہ نوجوان نسل مستقبل میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملکی اور غیرملکی سطح پر اپنا لوہا منوا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان میں 6کروڑ 15لاکھ روپے کی لاگت سے جدید طرز کا سپورٹس سٹیڈیم اور 6 کروڑ 25 لاکھ روپے کی لاگت سے جدیدطرز کا جمنیزیم بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانپور تحصیل کے سکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے 58 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ ملک اقبال چنز نے کہا کہ ضلع بہاولنگر میں حیدر سٹیڈیم میں جمنیزیم کی تعمیر کے لئے 4 کروڑ 74لاکھ روپے سے زائد کا تعمیراتی فنڈز کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔