• news

بھارتی بیہودہ ثقافت کو پاکستانی ڈرامے کی پہچان بنا دیا گیا ہے: مسعود اختر

 لاہور ( این این آئی) پرائیڈ آف پرفارمنس اداکار مسعود اختر نے کہا ہے کہ فن و آرٹ کے دشمنوں نے مغرب کی نائٹ کلبوں کے کوڑا کرکٹ اور بھارت کی بیہودہ ثقافت کو پاکستانی ڈرامے کی پہچان بنا دیا ہے ‘ آج تھیٹر پر بیہودہ جگتوں اور فحش ڈانسز کی بھرمار ہے جس سے ہماری ثقافت داغ دار ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فنون عالیہ میں ڈرامہ وہ ہنر ہے جس کا وسیلہ زبان ہے ، زبان سے نکلے ہوئے مکالمے اور مکالموں کے مطابق شائستہ جسمانی حرکات و سکنات کے تانے بانے سے اعلیٰ پائے کا تھیٹر جنم لیتا ہے ۔ یہی تھیٹر ہمارا ورثہ اور ہماری ثقافت تھی ۔ مسعود اختر نے کہا کہ آج کے مارو ماری کے دور میں ہمارا تھیٹر بھول بھلیوں میں گم ہو چکا ہے ، پاکستان صرف معاشی طورپر مقروض نہیں بلکہ ہماری ثقافت بھی ادھار پر چل رہی ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ تھیٹر کے سنجیدہ حلقے میدان میں اتریں اور قوم کو اس کا اصل ”فیملی تھیٹر “ واپس لوٹائیں۔

ای پیپر-دی نیشن