بڑی عمارتیں اور قانون انگریز نے محکوم قوم پر رعب اور دبدبہ کیلئے بنائے: چودھری سرور
لاہور(این این آئی)نامزد گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ انگریز نے بڑی بڑی عمارتیں اور قانون محکوم قوم پر رعب اور دبدبہ ڈالنے کے لئے بنائے تھے ‘ وسیع و عریض گورنر ہاﺅس کی بجائے کسی چھوٹی عمارت میں منتقلی کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے ‘ وی آئی پی کلچر بیماری ہے، میری دلی خواہش ہے اس کلچر کو ختم کیا جائے اور ایس او ایس میں پڑھنے والے بچے ‘ مزدور اور اس طرح کے طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگ گورنر ہاﺅس کے مہمان ہونگے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا میں تعلیم اور صحت کے میدان میں کچھ کرنا چاہتا ہوں اور اسکے لئے بہت منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے گورنر ہاﺅس تاریخ اور ہمارا ورثہ ہے اسے قائم رہنا چاہیے اور کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ آن بان اور شان نہیں ہونی چاہیے۔ برطانیہ میں ایسا ہوتا ہے کہ کسی بھی معاملے پر لوگ وائٹ پیپر پر دستخط کر دیں تو اسے ایوان میں لایا جاتا ہے اور پھر وہاں پر اس معاملے کو آگے بڑھایا جاتا ہے۔