• news

گجرات: بی اے، بی ایس سی، بی کام کے نتائج کا اعلان، لڑکیاں بازی لے گئیں

گجرات (نامہ نگار) یونیورسٹی آف گجرات نے اپریل / مئی 2013ءمیں منعقد ہونے والے سالانہ امتحانات بی اے / بی ایس سی / بی کام پارٹ اول و دوم کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ اس سلسلہ میں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے اعزاز میں حافظ حیات کیمپس یونیورسٹی آف گجرات میں تقسیم انعامات کی ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبا و طالبات، ان کے والدین ،سول سوسائٹی کے سرکردہ نمائندگان، ممتاز ماہرین تعلیم، فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریشن اراکین نے شرکت کی ۔ یونیورسٹی آف گجرات کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نظام الدین اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ کنٹرولر امتحانات احمد جمیل ترک نے نتائج کا اعلان کیا۔ بی ایس سی کے سالانہ امتحانات 2013ءمیں بیس کالج گوجر خان کی طالبہ ماریہ زمان نے 687 نمبر حاصل کر کے پہلی، زمیندار کالج گجرات کی طالبہ مبین اقبال نے 686 نمبر حاصل کر کے دوسری اور پیس کالج راولپنڈی کی طالبہ اقراءشیریں نے 666 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ بی اے کے سالانہ امتحانات 2013ءمیں کلا چور جلالپور جٹاں کی پرائیوٹ طالبہ حاجرہ نسیم نے 625 نمبر حاصل کر کے پہلی، گورنمنٹ آئی ڈی جنجوعہ کالج جلالپور جٹاں کی طالبہ سیماب زریں نے 589 نمبر حاصل کر کے دوسری اور ریڑ کا بالا تحصیل پھالیہ کی پرائیوٹ طالبہ سعدیہ نسیم نے 572 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ جبکہ بی کام کے سالانہ امتحانات 2013ءمیں ابن امام سائنس کالج جلالپورجٹاں کی طالبہ مریم طاہر نے 1158 نمبر حاصل کر کے پہلی، انڈس کالج آف کامرس واہ کینٹ کی طالبہ زرشینہ میر اور سینٹ فرانسس ڈگری کالج سرائے عالمگیر کی طالبہ امینہ جبین دونوں نے 1126 نمبر حاصل کر کے دوسری اور انڈس کالج آف کامرس واہ کینٹ کے طالب علم اسامہ قادری نے 1111 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد نظام الدین نے اس موقع پر پوزیشنیں حاصل کرنے والے تمام طالب علموں کے محنت کے جذبہ کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے اول آنے والے طالب علموں کو پچیس ہزار، دوم کو بیس ہزار اور سوم کو پندرہ ہزار روپے کے کیش انعامات کے علاوہ سرٹیفیکیٹس سے بھی نوازا۔ رزلٹ نوٹیفکیشن کے مطابق بی اے پارٹ فرسٹ کے امتحانات میں کل 5370 امیدوار شریک ہوئے اور 1213 نے امتحان پاس کیا۔ کامیابی کا تناسب 23.48% رہا۔ بی اے پارٹ سیکنڈ کے امتحانات میں کل 5604 امیدوار شریک ہوئے اور 1882 نے امتحان پاس کیا ۔ کامیابی کا تناسب 34.69% رہا۔ بی ایس سی پارٹ فرسٹ کے امتحانات میں کل 2103ءامیدوار شریک ہوئے اور 712 نے امتحان پاس کیا کامیابی کا تناسب 35.2% رہا۔ بی ایس سی پارٹ سیکنڈ کے امتحانات میں کل 938 امیدواروں نے شرکت کی جبکہ 634 کامیاب ہوئے ۔ کامیابی کا تناسب 68.76% رہا۔ بی کام پارٹ فرسٹ کے امتحانات میں کل 1362 امیدوار شریک ہوئے اور 209 کامیاب ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 16.02% رہا۔ بی کام پارٹ سیکنڈ کے امتحانات میں کل 1904 امیدواران نے شرکت کی اور 433 امیدوار کامیاب قرار پائے کامیابی کا تناسب 48.38% رہا۔ ریگولر امیدواروں کے رزلٹ کارڈ ان کے متعلقہ کالجوں جبکہ پرائیوٹ امیدواروں کے رزلٹ کارڈ ان کے گھر کے پتوں پر ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ بی اے / بی ایس سی / بی کام سالانہ امتحانات 2013ءکے رزلٹ یونیورسٹی آف گجرات کی ویب سائٹ www.uog.edu.pk پر بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ اگر کوئی امیدوار اپنے رزلٹ سے مطمئن نہیں توہ بیس روز کے اندر اپنے پرچوں کی ری چیکنگ کے لئے درخواست جمع کروانے کا اہل ہے۔ ری چیکنگ فارم بنک آف پنجاب سرکلر روڈ فوارہ چوک گجرات سے دستیاب ہیں۔ بی اے / بی ایس سی / بی کام سپلیمنٹری امتحانات 2013ءکے لئے متوقع تاریخ 8 اکتوبر 2013ءمقرر کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن