• news

زمبابوے: رابرٹ موگابے کی پارٹی کو اکثریت مل گئی، الیکشن شفاف تھے: مبصرین

ہرارے (بی بی سی) زمبابوے میں حکام کا کہنا ہے کہ انتخابات میں صدر رابرٹ موگابے کی جماعت نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے پارلیمان میں دوتہائی اکثریت حاصل کر لی۔ زمبابوے کے الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ زانو پی ایف جماعت نے دو سو نشستوں پر مشتمل پارلیمان میں 142 نشستیں حاصل کی ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے اس اکثریت سے زانو پی ایف کو آئین میں تبدیلی کا اختیار بھی مل جاتا ہے۔ صدارتی انتخاب کے نتائج کا اعلان ابھی ہونا باقی ہے۔ اس سے قبل زمبابوے میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے افریقی یونین کے مبصر مشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور قابلِ اعتماد ہوئے۔ وزیراعظم مورگن چنگرائے جو صدر رابرٹ موگابے کا مقابلہ کر رہے ہیں نے ان انتخابات کو ایک بہت بڑا ڈرامہ قرار دیا۔ افریقی یونین کے مبصر مشن کے سربراہ نے کہا ہے انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور قابلِ اعتماد ہوئے، جن بے ضابطگیوں کی اطلاعات ملیں، انتخابات کے نتائج ان سے تبدیل نہیں ہوسکتے۔ برطانوی خبررساں ادار ے کے مطابق گزشتہ روز افریقی مبصرین نے کہا زمبابوے میں ہونیوالے انتخابات پرامن تھے۔ مبصرین نے برطانوی خبررساں ادارے کو بتایا کہ انتخابات کے دوران ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جس کی بنیاد پر یہ کہا جا سکے کہ اس میں عوام کی مرضی شامل نہیں تھی۔

ای پیپر-دی نیشن