حکومت سپورٹس پالیسی ‘ عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کرے گی : ریاض پیرزادہ
اسلام آباد (این این آئی) بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے جنرل عارف حسن اولمپک ہاﺅس خالی نہ کر نے پر ان کے خلاف سخت کارروائی پر غور شروع کر دیا ہے جبکہ وفاقی وزیر ریاض حسین پیر زادہ نے کہاہے کہ حکومت قومی سپورٹس پالیسی اور ملکی عدالتوں کے فیصلوں پر پوری طرح عمل در آمد کرےگی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر اور سٹی پولیس چیف آفیسر لاہور کے نام ایک خط میں حکم دیا کہ اولمپک ہاﺅس ٹمپل روڈ کا قبضہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کے حوالے کیا جائے۔ وزارت کھیل کی جانب سے ڈی سی او اور سی سی پی او کے نام تحریر کئے جانے والے ایک خط میں کہا گیا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر میجر جنرل اکرم ساہی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے تاہم ابھی تک اولمپک ہاﺅس پر غیرقانونی عہدیدار کا قبضہ ہے اس لئے اولمپک ہاﺅس خالی کرواکر دیا جائے۔ خط میں کہا گیا کہ اولمپک ہاس میں موجود ریکارڈ کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ترجمان کے مطابق پی او اے کے سابق صدر جنرل عارف حسن کی طرف سے حکومتی احکامات کے باوجود اولمپک ہاﺅس خالی نہ کر نے پر ان کے خلاف سخت کارروائی کر نے کے مختلف قانونی پہلووں پر غور کیا جارہا ہے ان کو وفاقی وزارت کی طرف حکم دیا گیا تھا کہ وہ فوری طور پر اولمپک ہاﺅس خالی کر دیں اور تمام ریکارڈ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی نومنتخب باڈی کے حوالے کر دیںان کی جانب سے حکومتی احکامات پر عمل درآمد نہ کر نے پر وزارت کی طرف سے ان کو دو بارہ یاددہانی کر ائی جائےگی حکومتی احکامات کو تسلیم نہ کئے جانے پر عارف حسن کے خلاف سرکاری املاک پر غیر قانونی طور پر قابض ہونے کے الزام میں ان کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔اس صورت حال پر بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہاکہ تمام معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں اور ہم ہر صورت قومی سپورٹس پالیسی اور ملکی عدالتوں کے فیصلوں کے احترام کو یقینی بنائیں گے۔