ایشیا کپ جیتنے کےلئے کھلاڑیوں کو جارحانہ ہاکی کھیلنا ہو گی: شہناز شیخ
اسلام آباد (اے پی پی) سابق اولمپین شہناز شیخ نے کہا ہے کہ ایشیا کپ جیتنے کےلئے قومی کھلاڑیوں کو جارحانہ ہاکی کھیلنا ہو گی، آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ میں شرکت کو یقینی بنانے کےلئے ٹیم کے پاس آخری موقع ہے اور اس مقصد کے حصول کےلئے کھلاڑیوں کو ہر شعبے میں اپنی کارکردگی کو بہتر بنانا ہو گا۔ ایشیا کپ کی فاتح ٹیم ورلڈ کپ میں جگہ بنا لے گی۔ ایشیا کپ قومی ٹیم کےلئے مشکل ٹورنامنٹ ہے اور میگا ایونٹ تک رسائی کےلئے اسے ہر حال میں ایونٹ جیتنا ہو گا، قومی ٹیم دفاع، گول کیپنگ کے شعبے میں بہت کمزور ہے اور ٹائٹل کے حصول کےلئے اسے اپنے دفاع اور گول کیپنگ کے شعبے کو مضبوط کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک مرتبہ پھر پاکستان ہاکی فیڈریشن سے کہتے ہیں کہ وہ کھلاڑیوں کو اٹیکنگ ہاکی کھلانے پر توجہ مرکوز کریں جو کہ موجودہ دور کی ضرورت ہے۔ پی ایچ ایف کے حکام اگر قومی کھیل کے بچاﺅ اور اسے بہتر بنانے کےلئے کچھ نہیں کر سکتے تو وہ جگہ خالی کر دیں تاکہ دوسرے لوگ آگے آ کر اس کھیل کی بہتری کےلئے خدمات انجام دیں۔