آئی سی سی ون ڈے رینکنگ‘ پاکستان کی چھٹی پوزیشن برقرار‘ ہاشم آملہ بلے بازی میں نمبرون
دبئی (نوائے وقت نیوز +اے پی پی) بھارتی آل راﺅنڈر روندرا جدیجہ نے آئی سی سی ون ڈے باﺅلرز رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔ 17 برس بعد کسی بھارتی باﺅلر نے پہلی بار رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے، اس سے قبل 1996ءمیں انیل کمبلے نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ جدیجہ آئی سی سی ون ڈے باﺅلر رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے مجموعی طور پر چوتھے بھارتی باﺅلر ہیں۔ اس سے قبل انیل کمبلے، کیپل دیو اور ماندر سنگھ بھی باﺅلنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر چکے ہیں۔ بلے بازوں میں ہاشم آملہ پہلے، اے بی ڈی ویلیئرز دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ کمار سنگا کارا 8 برس بعد دوبارہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ مصباح الحق 8 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ بھارتی ٹیم نے پہلی پوزیشن پر گرفت مضبوط کر لی، سری لنکا چوتھے نمبر پر پہنچ گیا۔ پاکستانی ٹیم چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ اتوار کے روز آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ون ڈے رینکنگ کے مطابق بھارتی آل راﺅنڈر روندرا جدیجہ نے دورہ زمبابوے میں عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کر کے 4 درجے ترقی پا کر عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن 733 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ انگلینڈ کے سٹیون فن تیسرے، جیمز اینڈرسن چوتھے اور پاکستان کے سعید اجمل پانچویں نمبر پر ہیں۔ محمد حفیظ کا آٹھواں نمبر ہے۔ بلے بازوں میں ہاشم آملہ پہلے، ویلیئرز دوسرے نمبر پر ہیں۔ کمار سنگاکارا ترقی پا کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ تلکارتنے دلشان دو درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔ امیت مشرا 47 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 32 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ آل راﺅنڈرز میں شکیب الحسن بدستور سرفہرست ہیں۔