پٹرول، بجلی قیمتوں میں اضافہ، عوام سے عید کی خوشیاں چھین لی گئیں: میاں سلیم
پٹرول، بجلی قیمتوں میں اضافہ، عوام سے عید کی خوشیاں چھین لی گئیں: میاں سلیم
لاہور (پ ر) انجمن تاجران سینٹری ویئر لاہور کے نائب صدر میاں سلیم نے کہا کہ نئی عوامی حکومت نے پٹرول بم اور بجلی ڈرون حملہ کر کے عوام سے عید کی خوشی چھین لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم آئٹم کے ریٹ 104 ڈالر فی بیرل ہے جبکہ حکومت 200 ڈالر فی بیرل کے حساب سے وصول کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا جن تو پہلے ہی عوام کو کچل رہا ہے۔ رہتی کسر اس مزید اضافے نے نکال دی ہے۔ اس مہنگائی سے انڈسٹری تاجر برادری زراعت کمرشل ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں مزید بحران پیدا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سپریم کورٹ سے استدعا کرتے ہیں کہ عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے سوموٹو ایکشن لیتے ہوئے ایسی قانون سازی کی جائے جس سے اوگرہ یا ایف بی آر یا حکومت ریٹ بڑھانے یا کوئی نیا ٹیکس لگانے سے پہلے زمینی حقائق کو دیکھا جائے اور انڈسٹری اور تاجر برادری کے مسائل کو دیکھتے ہوئے ان طبقات سے مشاورت کے بعد ریٹ بڑھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ عوامی حکومت ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے بجلی اور پٹرولیم آئٹم کے اضافی شدہ ریٹ فوراً واپس لے اور سستی بجلی کیلئے پانی، کوئلہ اور شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر فوری طور پر عملدرآمد کر کے دکھائے۔