ای او بی آئی کرپشن کیس، ملزمہ ماہم اسد کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد
کراچی (وقائع نگار) سندھ ہائی کورٹ نے ای او بی آئی کرپشن کیس میں ملوث ملزمہ ماہم اسد کی ضمانت میں توسیع کی درخوات مسترد کر دی۔ ای او بی آئی اراضی اسکینڈل میں کرنل اسد سمیت دیگر 9 ملزمان گرفتار ہیں۔ کرنل اسد کی بیٹی ماہم اسد کی ضمانت کی دائر درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس احمد علی ایم شیخ نے کی۔ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے ملزمہ کے وکیل سے استفسار کیا کہ سندھ حکومت سے جس قیمت پر زمین خریدی گئی تھی کیا اس کی وہ رقم ادا کردی گئی ہے؟ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ زمین کا تخمینہ 3 کروڑ روپے لگایا گیا تھا اور اسی جگہ ایک فائیواسٹار ہوٹل بنائے جانے کا امکان تھا۔ پلاٹ کی رقم حکومت کو ادا کردی گئی ہے اور تمام قانونی چارہ جوئی پوری کی گئی ہے ۔عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے ای او بی آئی کرپشن اسکینڈل کیس سے متعلق استفسار کیا تو اٹارنی جنرل سے عدالت کو بتایا کہ انویسٹی گیشن آفیسر عدالت نہیں پہنچ سکا اس لئے کیس سے متعلق کچھ نہیں بتایا جا سکتا۔ عدالت نے ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کر دی۔